عام انتخابات 2024 کے غیر حتمی غیتر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ان انتخابات میں بڑے بڑے اپ سیٹس کی توقع کی جا رہی ہے اور بڑی سیاسی جماعتوں کے قائدین اور اہم رہنماؤں کو بھی غیر متوقع طور پر شکست ہوتے دکھائی دے رہی ہے۔
نواز شریف
پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور وزارت عظمیٰ کے امیدوار نواز شریف این اے 15 مانسہرہ سے آزاد امیدوار شہزادہ گستاسپ سے ہارتے نظر آرہے ہیں۔ اب تک کے غیر حتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق شہزادہ گستاسپ نے 80 ہزار 615 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مقابلے میں نواز شریف نے 67 ہزار 720 ووٹ حاصل کئے ہیں۔
تاہم نواز شریف لاہور کے حلقہ این اے 130 سے بھی انتخاب لڑ رہے ہیں، جہاں انہیں آزاد امیدوار یاسمین راشد پر برتری حاصل ہے۔
مولانا فضل الرحمان
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 44 ڈیرہ اسماعیل خان میں جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان مشکلات سے دو چار ہیں، جہاں ان کے مخالف پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار علی امین گنڈا پور کو واضح برتری حاصل ہے۔ اب تک کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے 57 ہزار 642 جبکہ علی امین گنڈا پور نے 90 ہزار 487 ووٹ حاصل کیے ہیں۔
تاہم مولانا فضل الرحمان بلوچستان کے حلقہ این اے 265 سے بھی انتخاب لڑ رہے ہیں جہاں انہیں برتری حاصل ہے۔
جہانگیر ترین
استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر خان ترین قومی اسمبلی کے 2 حلقوں سے الیکشن لڑ رہے ہیں اور وہ ان دونوں حلقوں سے شکست کھاتے نظر آ رہے ہیں۔
Related Posts
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 149 ملتان میں استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر ترین پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار ملک عامر ڈوگر کے مد مقابل ہیں۔ غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق عامر ڈوگر نے ایک لاکھ 16 ہزار 373 جبکہ جہانگیر ترین 40 ہزار 805 ووٹ حاصل کیے ہیں۔
جہانگیر ترین حلقہ این اے 155 لودھراں میں بھی پیچھے ہیں، اب تک کے نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما صدیق خان بلوچ نے 94 ہزار 788 ووٹ جبکہ جہانگیر ترین نے 56956 ووٹ حاصل کیے ہیں۔
سراج الحق
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 6 لوئردیر کے غیرحتمی و غیرسرکاری نتائج کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق کو آزاد امیدوار محمد بشیر نے شکست دے دی ہے۔ محمد بشیر نے اس حلقہ سے 76 ہزار 259 ووٹ جبکہ سراج الحق نے 56 ہزار 538 ووٹ حاصل کیے۔
صادق سنجرانی
بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی صوبائی اسمبلی کی نسشت ہار چکے ہیں۔ پی بی 32 چاغی کے غیر حمتی غیر سرکاری نتائج کے مطابق جمعیت علما اسلام کے امید وار امان اللہ 20ہزار 201 وو ٹ لیکر کامیاب ہوئے جبکہ صادق سنجرانی صرف 18 ہزار 220 ووٹ حاصل کرسکے۔
پرویز خٹک
سابق وزیر دفاع پرویز خٹک نوشہرہ میں اپنے حلقہ میں بری طرح شکست کھا چکے ہیں۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 33 نوشہرہ کے تمام پولنگ اسٹیشنز کےغیر حتمی اور غیرسرکاری نتیجے کے مطابق آزاد امیدوار شاہ احد علی 90145 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے جبکہ پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کے پرویزخٹک صرف 25582 لے سکے۔
محمود خان
خیبر پختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ اور پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کے رہنما محمود خان کو قومی اور صوبائی اسمبلی کے دونوں حلقوں میں شکست ہوئی ہے۔ ۔ غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 10 سوات میں آزاد امیدوار نعیم خان 21681 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے اور محمود خان نے 10537 ووٹ حاصل کئے۔
این اے4 سوات کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق محمود خان کے مد مقابل آزاد امیدوارسہیل 68 ہزار کی لیڈ سے کامیاب ہوئے ہیں۔
خواجہ سعد رفیق
قومی اسلمبلی کے حلقہ این اے 122 میں پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر سعد رفیق کا مقابلہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار سردار لطیف خان کھوسہ سے ہے مگر سعد رفیق کافی مشکل میں دکھائی دے رہے ہیں۔ غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق سعد رفیق نے اب تک 18 ہزار 536 ووٹ حاصل کیے ہیں جبکہ سردار لطیف کھوسہ نے 29 ہزار 768 ووٹ حاصل کیے ہیں۔
قمر زمان کائرہ
حلقہ این اے 65 کھاریاں سے پاکستان پیپلز پارٹی کے سییئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ بھی غیر متوقع طور پر پیچھے دکھائی دے رہے ہیں۔ غیر حتمی غیر سکاری نتائج کے مطابق اس حلقے میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سید وجاہت حسنین نے ایک لاکھ 3 ہزار 951 ووٹ حاصل کیے جبکہ قمر زمان کائرہ نے 39 ہزار 761 ووٹ حاصل کیے ہیں۔
طارق فضل چوہدری
مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری بھی اپنے آبائی حلقہ این اے 47 اسلام آباد سے ہارتے دکھائی دے رہے ہیں۔ غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار محمد شعیب شاہین 46 ہزار 307 ووٹوں کے ساتھ آگے ہیں جبکہ طارق فضل نے اب تک 19 ہزار 536 ووٹ حاصل کیے ہیں۔
سید فیصل صالح حیات
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 108 جھنگ میں آزاد امیدوار محمد محبوب سلطان کو مسلم لیگ ن کے سید فیصل صالح حیات پر برتری حاصل ہے۔ غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق محمد محبوب سلطان نے ابھی تک 82 ہزار 919 ووٹ جبکہ فلصل صالح حیات نے 63 ہزار 534 ووٹ حاصل کیے ہیں۔
جاوید لطیف
پاکستان مسلم لیگ ن کے اہم رہنما جاوید لطیف بھی اپنے مد مقابل آزاد امیدوار سے پیچھے نظر آ رہے ہیں۔ حلقہ این اے 115 شیخو پورہ کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق جاوید لطیف نے ابھی تک 71 ہزار 919 ووٹ جبکہ آزاد امیدوار خرم شہزاد ورک نے ایک لاکھ 5 ہزار 507 ووٹ حاصل کیے ہیں۔
امیر مقام
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 2 سوات میں پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما امیر مقام کو آزاد امیدوار امجد علی خان نے ہرا دیا ہے۔ غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق آزاد امیدوار امجد علی خان نے 88 ہزار 938 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مقابلے میں ن لیگ کے امیر مقام صرف 37 ہزار 764 ووٹ حاصل کر سکے۔