نواز شریف 5 بجے کارکنوں سے خطاب کریں گے، جیت کا جشن بھی منایا جائے گا

جمعہ 9 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف آج شام 5 بجے ماڈل ٹاؤن لاہور میں پارٹی کارکنان سے خطاب کریں گے۔

مسلم لیگ ن کے ذرائع کے مطابق، نواز شریف کا خطاب سننے کے لیے پارٹی کارکنان ماڈل ٹاؤن میں جمع ہونا شروع ہوگئے ہیں جبکہ مغرب کی نماز کے بعد یہ کارکنان مسلم لیگ ن کی فتح پر جشن بھی منائیں گے۔

اس سے قبل مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا تھا کہ نواز شریف بعض حلقوں کے حتمی نتائج موصول ہوتے ہی جیت کی تقریر کریں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں مریم نواز شریف نے پیغام جاری کیا تھا کہ کل رات میڈیا کے ایک حصے نے جان بوجھ کر غلط تاثر پیدا کیا، جس کے برعکس ن لیگ الحمدللہ مرکز اور پنجاب میں واحد سب سے بڑی جماعت بن کر ابھر رہی ہے۔ بس کچھ ہی نتائج کا انتظار ہے۔

انہوں نے کہا کہ حتمی نتائج موصول ہوتے ہی نواز شریف فتح کی تقریر کرنے کے لیے ن لیگ کے مرکزی دفتر کا رخ کریں گے۔ انشاء اللہ۔ دیکھتے جائیں۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے لاہور سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 130 پر پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ امیدوار یاسمین راشد کو شکست دی ہے۔ تاہم انہیں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 15 مانسہرہ سے آزاد امیدوار شہزادہ گستاسپ نے انہیں شکست سے دوچار کیا ہے۔

قومی اسمبلی کے انتخابات کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق، آزاد امیدواروں نے اب تک 55 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے، مسلم لیگ ن نے 43، پاکستان پیپلز پارٹی نے 34 جبکہ دیگر پارٹیوں نے 6 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp