سیکیورٹی خدشات کے باعث موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند کی گئی، نگراں وزیرداخلہ گوہر اعجاز

جمعہ 9 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وزیر داخلہ گوہراعجاز نے کہا ہے کہ الیکشن کے دن موبائل فون سروس اور انٹرنیٹ سروس سیکیورٹی خدشات کے باعث بند کی گئی تھی، الیکشن کمیشن کے حکام کا اس میں کوئی عمل دخل نہیں تھا، سیکیورٹی اداروں کی رپورٹ کے باعث یہ عمل کرنا پڑا۔

نگراں وزیرداخلہ گوہر اعجاز نے اسلام آباد میں نگراں وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن سے 1 دن پہلے دہشتگردی کے 2 واقعات میں 28 شہادتیں ہوئی، تحقیقات سے معلوم ہوا کہ دونوں دھماکوں میں 2 موٹرسائیکل استعمال ہوئیں، دونوں موٹرسائیکلوں میں ڈیٹونیٹو رکھے گئے تھے جو موبائل سے کنٹرول ہوتے ہیں۔

’ قلعہ سیف اللہ میں ہونے والا دہشتگردی کا واقعہ سب کے سامنے ہے، دہشتگردی کے واقعات کے باعث اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ الیکشن کے دن موبائل سروس بند کی جائے گی کیوں کہ دہشت گرد مختلف اسٹیشنوں کو نشانہ بنا سکتے تھے۔ ‘

گوہر اعجاز نے کہا کہ اگر کوئی غلطی رہ جاتی تو ہزاروں، لاکھوں لوگ جو ووٹ ڈالنے نکلے ہوئے تھے، ان کی زندگی کو خطرہ لاحق ہوجاتا، یہ سب ہمارے بچے ہیں، ان کی حفاظت کے لیے 12 گھنٹے یا 16 گھنٹے موبائل فون سروس بند کرنے کی قربانی دینا پڑے تو ایک مرتبہ نہیں 100 مرتبہ یہ قربانی دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہر صورت میں انسانی جانوں کی حفاظت اہم ہے، موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند کرنے پر ہمیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ الیکشن کمیشن حکام کا اس فیصلے میں کوئی عمل دخل نہیں تھا۔ سیکیورٹی حکام نے رپورٹ دی تھی کہ الیکشن کے دن دہشتگردی کے خطرات ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کے دن کروڑوں لوگوں نے ووٹ ڈالا، کیا ہماری قوم کو سیکیورٹی اداروں بشمول پولیس اور ایف سی، ایجنسیز پر فخر نہیں ہے کہ انہوں نے الیکشن کے دن اتنے بہترین انداز سے سیکیورٹی کے انتظامات کیے اور پرامن الیکشن کروائے۔

نگران وزیر داخلہ نے کہا کہ اس کے باوجود الیکشن کے دن دہشتگردی کے 56 واقعات ہوئے۔ ان واقعات میں آرمی کے 3 جوان شہید ہوئے، لیویز کے 2، پولیس کے 7 اور 4 سویلینز شہید ہوئے جن میں 2 بچے بھی شامل ہیں، حکومت قوم کی بہتری کے لیے فیصلے کرتی ہے، حکومت کی اولین ترجیح قوم کی حفاظت کرنا ہے۔

’پولنگ کے فوراً بعد انٹرنیٹ اور موبائل سروس اس کیے نہیں کھولی کہ اطلاعات تھی کہ دور دراز سے بیلٹ باکس لے کرجانے والے پولنگ عملے پر دہشتگرد حملے کرسکتے ہیں، اس لیے الیکشن کے نتائج میں بھی تاخیر ہوئی اور کل رات کے بجائے آج نتائج آرہے ہیں۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp