1 لاکھ 71 ہزار سے زائد ووٹ: نواز شریف کو ہر منٹ میں کتنے ووٹ ملے؟

جمعہ 9 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

8فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات کے نتائج گزشتہ رات سے ہی آنا شروع ہو چکے تھے۔ مسلم لیگ ن کے اعتبار سے پنجاب کے نتائج کافی اہم تھے۔ خاص طور پر میاں محمد نواز شریف جس حلقے سے لڑ رہے تھے، سب اس حلقے یعنی این اے 130 پر نظریں جمائے بیٹھے تھے۔ کیونکہ حلقہ این اے 30 کو میاں محمد نواز شریف کا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔ اور گزشتہ 25 برسوں میں نواز شریف دوسری بار الیکشن لڑ رہے تھے۔

گزشتہ شب کی بات کی جائے تو اس وقت تک یاسمین راشد جیت رہی تھیں، لیکن صبح ہوتے ہی الیکشن کمیشن نے جب سرکاری نتائج جاری کیے اس کے مطابق نواز شریف کو کامیابی ملی۔ واضح رہے کہ این اے 130 میں نواز شریف اور یاسمین راشد مد مقابل تھے۔ اور نواز شریف 171،024 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر جبکہ یاسمین راشد دوسرے نمبر پر تھیں۔

لاہور کا سب سے اہم سیاسی معرکہ سابق وزیر اعظم نواز شریف اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے، حلقہ این اے 130 سے مسلم لیگ ن کے قائد 171،024 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ ان کے مد مقابل پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ یاسمین راشد 115043 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہیں۔ اس کے علاوہ اس حلقے میں کل ووٹوں کی تعداد 293693 تھی۔ واضح رہے کہ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے 55 ہزار 981 ووٹوں کے ساتھ فتح حاصل کی۔
ہم اس خبر میں یہ جاننے کی کوشش کریں گے کہ قائد مسلم لیگ ن کو ہر منٹ میں کتنے ووٹ ملے۔

ایک منٹ میں کتنے ووٹ ملے؟

یاد رہے کہ حلقہ این اے 130 میں مجموعی طور پر 376 پولنگ اسٹیشنز تھے۔ اگر ہم مجموعی طور پر ایک منٹ میں ڈالے گئے ووٹوں کا اندازہ لگائیں تو اس حساب سے تمام پولنگ اسٹیشنز پر ایک منٹ میں 543 ووٹ ڈالے گئے۔ اس کے مطابق یعنی ہر پولنگ اسٹیشن پر قریباً 1.44 ووٹرز نے ووٹ کاسٹ کیا۔

اس حوالے سے جب ہم نے فافن کے ترجمان مدثر رضوی سے استفسار کیا تو ان کا کہنا تھا کہ جیسا کہ ٹوٹل 376 پولنگ اسٹشنز تھے، جن میں ٹوٹل 1148 بوتھ تھے۔ اس لحاظ سے اگر ہر بوتھ کی بات کی جائے تو ایک منٹ میں 0.4 فیصد یعنی آدھا ووٹ کاسٹ ہو رہا تھا۔ اور میاں محمد نواز شریف 171024 ووٹوں سے کامیاب ہوئے جو اتنا بڑا نمبر نہیں جس پر شک کیا جائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 1 ووٹ کاسٹ کرنے میں زیادہ سے زیادہ 1 منٹ 15 یا 20 سیکنڈ لگتے ہیں۔ شروع میں پولنگ تھوڑی سست ہوتی ہے، لیکن اس کے بعد عملے کا ہاتھ بیٹھ جاتا ہے تو کم وقت لگنے لگتا ہے۔

لاہور کا حلقہ این اے 130 کو کیوں اہم سمجھا جاتا ہے؟

لاہور کا حلقہ این اے 130 شہر کے تاریخی علاقوں پر مشتمل ہے اور اس کی کُل آبادی قریباً 9 لاکھ نفوس پر مشتمل ہے۔ حلقے میں لوئر مال انارکلی، ایم او کالج، جین مندر، چرچ روڈ، مزنگ، گنگا رام اسپتال، پریم نگر، راج گڑھ، ریوز گارڈن، شام نگر۔ چوبرجی، اسلام نگر، گنج بخش روڈ، سنت نگر، ساندہ، رام نگر، دیو سماج، آؤٹ فال روڈ، گلشن راوی کے کچھ علاقے اس کے علاوہ آزادی چوک، مینار پاکستان، موہنی روڈ، راوی روڈ، قریشی محلہ، مچھلی منڈی، پیسہ اخبار، گوالمنڈی، شاداب کالونی، اور کوٹ عبداللہ تک کے علاقوں سمیت یہ تمام جگہیں اسی حلقے میں ہیں۔

الیکشن کمیشن کی موجودہ حلقہ بندیوں میں لاہور کا این اے 130 نواز شریف کا آبائی انتخابی حلقہ مانا جاتا ہے۔ اس کی بنیادی وجہ ہے کہ ان کی پیدائش گوالمنڈی کے علاقے رام گلی میں ہوئی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp