عام انتخابات 2024: گلگت بلتستان کے سپوت نے بھی میدان مارلیا

جمعہ 9 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے نتائج اب تک آنے کا سلسلہ جاری ہے۔

گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے علی ہادی عرفانی بھی ان افراد میں شامل ہیں جنہوں نے انتخابات 2024 میں حصہ لیا اور جیت کا سہرا اپنے سر سجانے میں کامیاب رہے۔

گلگت بلتستان کے ضلع ہنزہ گنش سے تعلق رکھنے والے علی ہادی عرفانی خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 96 کرم پارا چنار سے امیدوار تھے۔

علی ہادی عرفانی نے 38 ہزار 593 ووٹ حاصل کرکے کامیابی سمیٹی ہے، یہاں پر ان کا مقابلہ آزاد امیدوار سید وصی میاں سے تھے جنہیں 24 ہزار 874 ووٹ ملے اور دوسرے نمبر پر رہے۔

اس کے علاوہ مجلس وحدت المسلمین کے امیدوار سید نجات حسین 22 ہزار 215 ووٹ حاصل کر کے تیسرے نمبر پر رہے۔

ہنزہ سے تعلق رکھنے والے علی ہادی پہلے دنیور گلگت منتقل ہوئے، اس کے بعد پاراچنار ہجرت کر لی۔ ان کے والد شیخ نواز مرحوم کی مذہبی خدمات کے باعث علاقے میں ان کا ادب احترام بھی ہے۔

علی ہادی عرفانی کو خیبرپختونخوا اسمبلی کا حلقہ جیتنے پر لوگوں نے مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

علی ہادی کرم ایجنسی سمیت جی بی کی بھی نمائندگی کریں گے، ایمان شاہ

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے معاون خصوصی برائے اطلاعات ایمان شاہ نے اپنے سوشل میڈیا پیج پر لکھا ہے کہ ہنزہ گنش سے تعلق رکھنے والے علی ہادی عرفانی جو کرم ایجنسی پاراچنار سےممبر خیبر پختونخوا اسمبلی منتخب ہو چکے ہیں کرم ایجنسی سمیت گلگت بلتستان کی بھی نمائندگی کریں گے۔

اسی طرح نارتھ میڈیا نامی پیج سے کی گئی پوسٹ میں بھی نومنتخب ممبر اسمبلی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp