پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے مرکزی رہنما سیّد خورشید شاہ نے کہا ہے کہ نواز شریف نے خود کو وزیراعظم کے طور پر پیش کرنے میں بہت جلد بازی کی ہے، کیا مسلم لیگ ن اکثریتی جماعت ہے؟
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہاکہ اگر نوازشریف کی جانب سے خود کو وزیراعظم ظاہر کر کے اتحادی حکومت بنانے کی بات کی جائے گی تو میرا نہیں خیال کے پارٹی ان کے ساتھ جائے گی۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہاکہ ابھی تو پاکستان تحریک انصاف کے آزاد امیدوار بھی ہیں جنہوں نے 72 گھنٹوں میں کسی بھی پارٹی کو جوائن کرنے سے متعلق فیصلہ کرنا ہے، سیاست میں کچھ بھی حرف آخر نہیں ہوتا۔
واضح رہے کہ نوازشریف نے آج ماڈل ٹاؤن لاہور میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے تمام جیتنے والی سیاسی پارٹیوں اور آزاد امیدواروں کو ساتھ بیٹھنے کی دعوت دیتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ ہم وفاق میں اتحادی حکومت بنانے جا رہے ہیں۔
نوازشریف نے یہ بھی کہاکہ شہباز شریف اور احسن اقبال کو ذمہ داری سونپی ہے کہ یہ آصف زرداری، مولانا فضل الرحمان اور خالد مقبول صدیقی سے اس حوالے سے بات کریں۔
دوسری جانب سابق صدر مملکت آصف زرداری اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو لاہور پہنچ چکے ہیں اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ شہباز شریف اور اسحاق ڈار کی آج رات پی پی قیادت سے ملاقات ہوسکتی ہے۔