پاکستان کے عام انتخابات میں جہاں بڑے اَپ سیٹ ہوئے وہاں ہی ضلع باغ آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے نوجوان تنویر اسلم راجہ نے صوبائی اسمبلی کی نشست پرکامیابی حاصل کر کے پورے علاقے کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
مزید پڑھیں
تنویراسلم راجہ کا تعلق آزاد کشمیر کے ضلع باغ کے گاؤں گلستان چھتر نمبر 1 سے ہے، ان کے والدین آج سے 20 سال قبل بچوں کی تعلیم کے سلسلے میں اپنے آبائی گاؤں سے راولپنڈی منتقل ہو گئے تھے۔
تنویر اسلم راجہ نے اپنی ابتدائی تعلیم کا سلسلہ بھی راولپنڈی سے ہی شروع کیا، تعلیم کے بعد وہ اپنے کاروبار سے منسلک ہو گئے اور اسی دوران انہوں نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) میں شمولیت اختیار کر لی۔
پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ اپنی گہری وابستگی کی بدولت انہیں قیادت نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی۔ 19 سے ٹکٹ جاری کیا، جس پر انہوں نے بھرپور انتخابی مہم کے ذریعے اپنے مد مقابل پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار حاجی پرویز کو 27,219 کی بھاری لیڈ سے شکست دے کر ممبر پنجاب اسمبلی (ایم پی اے) کا اعزاز حاصل کر لیا۔
تنویر اسلم راجہ نے حلقہ پی پی۔ 19 سے 43,987 ووٹ حاصل کیے جب کہ ان کے مد مقابل مسلم لیگ ن کے امیدوار حاجی پرویز نے 16,768 ووٹ حاصل کیے۔
تنویر اسلم راجہ کو پنجاب سے آزاد کشمیر سے پہلا صوبائی ممبر اسمبلی منتخب ہونے پر آزاد کشمیر بھر سے مبارکباد پیش کی جا رہی ہے۔ ان کا تعلق آزاد کشمیر کے نامور مذہبی و سیاسی رہنما سابق امیر جماعت اسلامی آزاد جموں کشمیر عبدالرشید ترابی کے خاندان سے ہے، انہوں نے تنویر اسلم راجہ کو ان کے گھر پہنچ جیت پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔