عام انتخابات سے متعلق بعض ممالک اور تنظیموں کے بیانات حیران کن ہیں، دفتر خارجہ

ہفتہ 10 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دفتر خارجہ نے ملک میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات سے متعلق بعض ممالک اور تنظیموں کے بیانات کے منفی لہجے پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بیانات نہ تو انتخابی عمل کی پیچیدگی کو مدنظر رکھتے ہیں اور نہ ہی لاکھوں پاکستانیوں کے ووٹ کے حق کے آزادانہ اور پرجوش استعمال کو تسلیم کرتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، یہ بیانات اس ناقابل تردید حقیقت کو نظر انداز کرتے ہیں کہ پاکستان نے عام انتخابات پرامن اور کامیابی کے ساتھ منعقد کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ بیانات حقیقت پر مبنی بھی نہیں ہوتے، ملک بھر میں انٹرنیٹ کی بندش نہیں تھی، پولنگ کے دن دہشتگردی کے واقعات سے بچنے کے لیے صرف موبائل سروس کو دن بھر کے لیے معطل رکھا گیا۔

Related Posts

انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل نے یہ ظاہر کیا ہے بیشتر مبصرین کے خدشات غلط تھے، پاکستان نے ایک مستحکم اور جمہوری معاشرے کی تعمیر کے عزم کے تحت انتخابات کا انعقاد کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ اگرچہ ہم اپنے دوستوں کے تعمیری مشوروں کو اہمیت دیتے ہیں، لیکن انتخابی عمل کی تکمیل سے قبل منفی تبصرہ کرنا  تعمیری نہیں، پاکستان ایک متحرک جمہوری نظام کی تعمیر کے لیے کام جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ اقتدار کی پرامن منتقلی ہمیں اس مقصد کے قریب لاتی ہے، ہم یہ دوسروں کی طرف سے ظاہر کیے گئے خدشات کی وجہ سے نہیں بلکہ اس لیے کرتے ہیں کہ یہ ہمارے لوگوں کی خواہش اور ہمارے بانیوں کا وژن ہے۔

واضح رہے کہ امریکا، برطانیہ اور یورپی یونین کے علاوہ مختلف تنظیموں اور غیر ملکی حکومتی شخصیات نے پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات کے انعقاد پر اپنے خدشات کا اظہار اور انتخابات میں مبینہ بے ضابطگیوں اور دھاندلی کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp