پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے کل 11 فروری کو ملک بھر میں پُرامن احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے مبینہ دھاندلی میں ملوث ریٹرننگ افسران کے خلاف مقدمات درج کروانے کی ہدایات جاری کردیں۔
پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ دھاندلی میں ملوث ہر فرد کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔
مزید پڑھیں
پی ٹی آئی کے مطابق آراوز کے دفاتر کے باہر دھرنے اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک ہمارا حق نہیں مل جاتا۔
واضح رہے کہ 8 فروری کو ملک بھر میں ہونے والے عام انتخابات کے نتائج آنے کا سلسلہ اب تک جاری ہے۔
اب تک سامنے آنے والے نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدواران سب سے آگے ہیں جبکہ مسلم لیگ ن دوسرے اور پیپلزپارٹی تیسرے نمبر پر ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کا الزام ہے کہ ہم واضح اکثریت سے جیت رہے تھے مگر الیکشن کمیشن نے ہمارے جیت ہوئے لوگوں کو ملی بھگت سے ہرایا۔
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن نے اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر وفاق میں حکومت بنانے کا اعلان کیا ہے۔ اور پیپلزپارٹی سمیت دیگر جماعتوں سے رابطے شروع کر دیے ہیں۔