پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے وفاق، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں حکومت سازی کے لیے حکمت عملی طے کر لی ہے۔
کور کمیٹی اجلاس میں حکومت سازی کے لیے نومنتخب اراکین قومی اسمبلی سے باضابطہ روابط کی ذمہ داری بیرسٹر عمیر خان نیازی کے سپرد کردی گئی۔
اجلاس میں کیے گئے فیصلے کے مطابق علی امین گنڈا پور خیبرپختونخوا جبکہ میاں اسلم اقبال خیبر پختونخوا اور پنجاب میں نومنتخب اراکین صوبائی اسمبلی سے رابطے کریں گے۔
مزید پڑھیں
کورکمیٹی نے مسلم لیگ ن کی جانب سے کامیابی کے دعوے کو شرمناک قرار دیا اور کہاکہ عوام کے فیصلے کا مکمل احترام کیا جانا چاہیے۔
اجلاس نے کہاکہ انتخابات کے بعد بین الاقوامی سطح پر پیدا ہونے والا ردعمل فطری ہے، دفتر خارجہ کا اس پر ردعمل مضحکہ خیز ہے۔
اجلاس نے قرار دیا کہ دستور و قانون کے احترام اور شفافیت کے تقاضوں کو ملحوظِ خاطر رکھ کر ہی انتخابات کو موثر اور قابلِ قبول بنایا جاسکتا تھا۔
واضح رہے کہ 8 فروری کو ملک بھر میں ہونے والے عام انتخابات کے نتائج آنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے وفاق، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں حکومت بنانے کا اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن دعویٰ کر رہی ہے کہ وہ اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے۔ اور اس سلسلے میں رابطے بھی شروع کر دیے گئے ہیں۔