الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں تیمور سلیم جھگڑا اور کامران بنگش کے حلقوں کے حتمی نتائج روک دیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 4 رکنی پینل نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی درخواست پر سماعت کی۔ تیمور جھگڑا اور کامران بنگش اپنے وکیل علی گوہر درانی کے ہمراہ الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔
مزید پڑھیں
وکیل علی گوہر درانی نے پیشی کے بعد الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تیمور جھگڑا اور کامران بنگش نے اپنی درخواستوں میں مؤقف اپنایا تھا کہ پی کے 79 اور پی کے 82 کے نتائج فارم 45 کے مطابق نہیں ہیں۔
علی گوہر درانی نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی جائز شکایات کے ازالہ تک پی کے 79 اور پی کے 82 پر رزلٹ روک دیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے پی کے 79 اور پی کے 82 کے ریٹرننگ افسران کو جائز شکایات کے ازالہ کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے ریٹرننگ افسران پر نتائج تبدیل کرنے کاالزام لگایا تھا اور اس حوالے سے قانونی کارروائی کرنے کا اعلان کیا تھا۔
تیمور جھگڑا نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی نے پختونخوامیں کلین سویپ کیا ہے، پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی کی 160 سے 170 سیٹیں جیتی ہیں۔