ابو ظہبی ڈائیلاگ کا پاکستانی لیبر کے مسائل کو کم کرنے، خواتین کی ملازمتوں کو بڑھانے کی ضرورت پر زور

اتوار 11 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہا ہے کہ ابو ظہبی ڈائیلاگ میں لیبر کے مسائل کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ خواتین کی ملازمتوں کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔

ابو ظہبی سے پاکستانی سفارتخانہ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پاکستانی سفیرفیصل نیاز ترمذی نے اتوار کو یہاں ابوظہبی ڈائیلاگ ( اے ڈی ڈی ) کے ساتویں وزارتی مشاورتی اجلاس سے خطاب کیا۔

سفیر فیصل نیاز ترمذی نے تقریب کی میزبانی پر متحدہ عرب امارات کی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور اس اہم اقدام کو سراہا۔

پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی نے فورم کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ ایک منفرد ڈائیلاگ ہے جو خلیج اور ایشیا کے 17 رکن ممالک کو ایک باہم ملاتا ہے۔ جس کا بنیادی مقصد مزدوروں کی نقل و حرکت سے متعلق مشترکہ مفادات کے مسائل کو حل کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پلیٹ فارم کا تارکین وطن کارکنوں کے حقوق کے تحفظ کے اصول کو قائم کرنے میں کلیدی کردار ہے۔ جو مزدور بھیجنے اور مزدوری کرانے والے ممالک کی مشترکہ ذمہ داری بھی ہے۔

فیصل نیاز ترمذی نے زور دیا کہ ٹیکنالوجی مختلف مہارتوں کے تقاضوں کو بدل رہی ہے اور ہمیں لیبر کے بدلتے ہوئے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے اختراعات پر عمل پیرا ہونے، ہنر مندی اور مشغولیت کو متنوع بنانے کی اشد ضرورت ہے۔ جس کا مقصد مہارتوں کی نقل و حرکت کی شراکت داری کو فروغ دینا ہے۔

انہوں نے ابوظہبی ڈائیلاگ کی کوششوں کو سراہا جس میں خواتین کے لیے گرین ملازمتوں میں توجہ دی گئی ہے اور یہ کہ خواتین قابل تجدید توانائی سمیت مختلف صنعتوں میں مہارت کے اہم خلا کو پر کر سکتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اور قدرتی آفات بشمول سیلاب سب سے بڑے چیلنجز ہیں جنہوں نے نقصانات کو کم کرنے اور بہتر سے بہتر تعمیر و ترقی کے لیے اجتماعی کوششوں کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔

 پاکستانی سفیر نے کہا کہ یو اے ای کی صدارت میں کوپ28 کے نتائج نے اس چیلنج کا مقابلہ کرنے کی ضرورت کی تصدیق کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مزدوروں کے لیے بھرتی کے معیار کو بلند کرنے، مہارتوں کی باہمی شناخت اور سرٹیفیکیشن کے مسائل، مزدوروں کے تنازعات کے حل کے طریقہ کار کو وسعت دینے کے لیے ٹیکنالوجی سے استفادہ ،علاقائی اور بین الاقوامی تعاون کو مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp