نتائج اس بات کی گواہی ہیں کہ انتخابات شفاف ہوئے ہیں، نگران وفاقی وزیراطلاعات

اتوار 11 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ نگران حکومت نے پُرامن اور شفاف انتخابات کے انعقاد کی ذمہ داری پوری کی ہے، انتخابات کے نتائج اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ الیکشن شفاف ہوئے ہیں۔

 ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کے روز شہریوں، پولنگ عملہ اور پولنگ اسٹیشنوں کو درپیش خطرات کی وجہ سے موبائل سروس بند کی گئی، جس کی وضاحت وزارت داخلہ کر چکی ہے۔ ہمارے لیے شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانا زیادہ اہم تھا۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو ایک نجی ٹیلی ویژن کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

شہریوں کی نقل و حمل محفوظ بنانا ہمارے لیے ضروری تھا

نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ انتخابات کے روز موبائل سروس کی معطلی سے متعلق وزارت داخلہ وضاحت کر چکی ہے، ہمارے لئے شہریوں کی زندگی زیادہ اہم تھی، شہریوں، پولنگ اسٹاف، پولنگ اسٹیشنوں کو خطرات لاحق تھے، شہریوں کی نقل و حمل محفوظ بنانا ہمارے لیے ضروری تھا۔

الیکشن کی تاریخ پر ہمیشہ تنازعات رہے ہیں

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الیکشن کے عمل اور الیکشن کی تاریخ پر ہمیشہ تنازعات رہے ہیں، 2018 اور 2013کے انتخابات پر بھی تنازعات تھے۔

انتخابات شفاف ہوئے ہیں

انہوں نے کہا کہ نگران حکومت نے الیکشن کمیشن کو انتخابات کے انعقاد میں ہر ممکن سہولت فراہم کی۔ ہم نے پُرامن شفاف انتخابات کرانے کی ذمہ داری پوری کی ہے۔ انتخابات کے نتائج اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ انتخابات شفاف ہوئے ہیں۔

انتقال اقتدار کا طریقہ کار موجود ہے

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ آئین اور قانون کے تحت انتقال اقتدار کا طریقہ کار موجود ہے، انتخابات کے سرکاری نتائج متعلقہ اسمبلیوں تک پہنچیں گے تو موجودہ اسپیکرز اسمبلیوں کا اجلاس بلائیں گے، وزیراعظم اور وزراءاعلیٰ جب حلف اٹھائیں گے تو نگران حکومتیں تحلیل ہو جائیں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp