تھپڑ کیوں مارا؟ الیکشن کمیشن نے معافی کے باوجود فردوس عاشق سے تحریری جواب طلب کرلیا

پیر 12 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

الیکشن کمیشن میں استحکام پاکستان پارٹی کی رہنما فردوس عاشق اعوان کے خلاف پولیس اہلکار کو تھپڑ مارنے کے کیس کی سماعت ہوئی۔ الیکشن کمیشن نے فردوس عاشق اعوان کو 15 فروری کو جواب جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔ دوران سماعت متاثرہ پولیس اہلکار بھی کورٹ روم میں موجود تھا۔

الیکشن کمیشن کے ممبر خیبر پختونخوا جسٹس (ر) اکرم اللہ اور ممبر پنجاب کی سربراہی میں 2 رکنی کمیشن نے مقدمے کی سماعت کی۔ ممبر کمیشن پنجاب نے سوال کیا آپ کو قانون حق دیتا ہے کہ آپ تھپڑ ماریں؟ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نہیں قانون حق نہیں دیتا میں نے اس پر معذرت کی ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ امیدوار کا حق ہے کہ پولنگ اسٹیشن وزٹ کرے، ہمارے ووٹرز پولنگ اسٹیشن کے باہر کھڑے تھے، میں نے دیکھا پولنگ اسٹیشن کی گیلری بند کی گئی ہے، ایک شخص لوگوں کو آواز دے کر اندر بلا رہا تھا، ہمیں نہیں پتا تھا یہ صاحب کون ہیں، وہ سول کپڑوں میں تھا، پولیس والوں کو کہا کہ آپ کیا کر رہے ہیں، کیا قانون ان کو حق دیتا ہے کہ یہ سہولت سازی کریں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ میرے تھپڑ مارنے کی وجوہات کا بھی جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے کمیشن سے پولیس اہلکار کی شکایت اور ضلعی الیکشن کمشنر کی رپورٹ کی کاپی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ عملہ کے خلاف ہماری شکایات بھی سنی جائیں۔ ہمارے پاس بھی ویڈیو ثبوت موجود ہیں۔

ممبر کے پی نے کہا کہ آپ کی شکایات کا یہ مطلب تو نہیں کہ آپ پولیس اہلکار کو تھپڑ ماریں۔ الیکشن کمیشن نے فردوس عاشق اعوان کو 15 فروری تک تحریری جواب جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

فردوس عاشق اعوان کی الیکشن کمیشن کے باہر گفتگو

الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے نوٹس پر میں اور وکلا الیکشن کمیشن میں کورٹ روم نمبر ون میں حاضر ہوئے۔ میرے حلقے میں پولیس آفیسرز یرغمال بنے رہے، ہم کسی صورت قانون کو ہاتھ میں نہیں لیتے، اگر کوئی کچھ نہ کرے تو عوام قانون ہاتھ میں لینے پر مجبور ہو جاتے ہیں، ایک ویڈیو کی بنیاد پر نتیجہ نہیں نکالا جاسکتا، ہمارے پاس موجود ویڈیو میں پولیس خاموش تماشائی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے وکلا نے استدعا کی الیکشن کمیشن نے جس رپورٹ پر سمن کیا اس کی کاپی دی جائے، الیکشن کمیشن نے ہماری استدعا منظور کرتے ہوئے 15 تاریخ تک تحریری جواب طلب کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp