پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2024 شروع ہونے میں صرف چند ہی دن باقی رہ گئے ہیں، ہر ٹیم کی کوشش ہے کہ وہ یہ ٹورنامنٹ اپنے نام کرے، پشاور زلمی نے بھی اس سال یہ ٹورنامنٹ جیتنے پر نظریں مرکوز کر لی ہیں۔
پشاور زلمی کے سربراہ جاوید آفریدی نے کہا ہے کہ فرنچائز(پشاور زلمی) مستقبل میں ‘ٹائٹلز حاصل کرنے کا سلسلہ جاری رکھنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
پشاور زلمی کے سربراہ جاوید آفریدی نے کہا ہے کہ پشاور کے لوگ اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو ہوم گراؤنڈ پر ایکشن میں دیکھنے کے لیے بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں، ہمارا وعدہ ہے کہ ہم پی ایس ایل ٹائٹل حاصل کرنا جاری رکھیں گے۔
مزید پڑھیں
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پاکستان سپر لیگ 2016 میں شروع ہوئی تھی تاہم سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اس ٹورنامنٹ کا ایک بھی میچ اب تک خیبرپختونخوا میں نہیں کھیلا گیا، جبکہ خیبر پختونخوا کی ٹیم پشاور زلمی 2017 میں یہ ٹورنامنٹ جیت چکی ہے۔
جاوید آفریدی کا کہنا ہے کہ ’گھر میں ٹائٹل لانے کی اہمیت محض کرکٹ کی کامیابی کے دائرے سے بڑھ گئی ہے، پشاور زلمی تمام پشتون کمیونٹی کو اکٹھا کرنے والی قوت کے طور پر ابھری ہے۔‘
یاد رہے کہ PSL 2024 کا آغاز 17 فروری کو ہوگا، پہلے روز ٹی20 مقابلے میں لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، پشاور زلمی اپنا پہلا میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 18 فروری (بروز اتوار) کو کھیلے گی۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پی ایس ایل پاکستان کی قومی کرکٹ لیگ کے طور پر 2016 میں شروع ہوئی تھی، آغاز سے ہی اس لیگ نے غیر متوقع کامیابی حاصل کی ہے، لیگ کو پاکستانی شائقین نے خوب سراہا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) کے زیر انتظام PSL، پاکستان کی پیشہ وارانہ T20 کرکٹ لیگ ہے جس میں 6 فرنچائزز مختلف پاکستانی شہروں کی نمائندگی کرتی ہیں۔
پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز پشاور زلمی، جسے ‘پیلا طوفان’ بھی کہا جاتا ہے، 6 ٹیموں کے ٹورنامنٹ کی سب سے مقبول فرنچائزز میں سے ایک ہے۔
اہم بات یہ ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم جو گزشتہ سال پشاور زلمی کے کپتان تھے، اس سال بھی زلمی کی قیادت کریں گے،
بابراعظم کے علاوہ بھی اس ٹیم میں باصلاحیت بلے باز موجود ہیں جس کے باعث یہ عمومی تاثر ہے کہ پشاور زلمی اس سال بھی مخالف ٹیموں کے مقابلے میں مضبوط ہے۔