پاکستان تحریک انصاف کو انتخابی نتائج تسلیم کرلینے چاہییں، ایکس سروس مین سوسائٹی

منگل 13 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایکس سروس مین سوسائٹی نے انتخابات سے متعلق اپنا موقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ کسی ایک جماعت کو مکمل حمایت نہیں ملی، جو جیتا ہے اس نے بھی دھاندلی کا شور ڈال دیا ہے، آپ سے ہماری دشمنی نہیں ہے، پارلیمان کی عزت مجروح نہ کریں۔ اس وقت اکثریت کسی بھی پارٹی کی نہیں ہے، پاکستان تحریک انصاف کو انتخابی نتائج تسلیم کرلینے چاہیے ہیں۔

ایکس سروس مین سوسائٹی کے صدر جنرل ریٹائرڈ عبدالقیوم نے راولپنڈی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج کی پریس کانفرنس کچھ شکوک و شبہات دور کرنے کے لیے منعقد کی گئی ہے۔ 1991 میں ریٹائرڈ فوجی اور شہداء کے لواحقین کے لیے ایک ایسوسی ایشن بنائی گئی۔ ایکس سروس میں سوسائٹی ایک ہی ہے اور این جی او بھی ہے جو رجسٹرڈ ہے۔

جنرل ریٹائرڈ عبدالقیوم کا کہنا تھا کہ ایکس سروس میں کا  صدر الیکشن کے بعد 3 سال تک ہوتا ہے، ایکس سروس مین سوسائٹی سپاہیوں کی بیوہ اور بچوں کے لیے کام کرتی ہے۔

’عادل راجہ کا اسکی کارکردگی کی وجہ سے کورٹ مارشل ہوا ہے،  عادل راجہ ہمارا ٹویٹر ایڈریس استعمال کررہا ہے اور آگ لگانے کی کوشش کررہا ہے۔‘

انہوں نے انتخابات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 8 فروری کو صبح 8 سے شام 5 بجے تک مکمل امن رہا، 5 ہزار سے زیادہ غیر ملکی مبصرین نے بھی الیکشن رپورٹ کیا، ہمارا فورم غیر سیاسی ہے کسی جماعت کی سپورٹ نہیں کرتے ہیں۔

جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا کہ الیکشن کے حوالے سے پاک فوج کو سوشل میڈیا پر بدنام کیا جارہا ہے، جو بھی جماعت حکومت بنائے سب کو ساتھ لے کر چلنا چاہیے۔ کئی جماعتوں کے بڑے لیڈرز نے شکست کھائی اور شکست کو تسلیم بھی کیا۔

’کچھ لوگ جیت جائیں تو بغلیں بجاتے ہیں اگر کہیں ہار جائیں تو پروپیگنڈا کرتے ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ہم فوج کے خلاف ہونے والے پروپیگنڈا کی مذمت کرتے ہیں، ہمارا مطالبہ ہے الیکشن کمیشن اور عدلیہ امیدواوں کی شکایات کا ایمانداری سے ازالہ کریں۔ موجودہ صورتحال میں کسی کے لیے بھی حکومت بنانا پھولوں کی سیج نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ پہلے بھی سڑکوں پر نکلے پاک فوج پر حملہ آور ہوئے اسکا نتیجہ کیا نکلا؟ آپ جیسے یہاں پہنچے ماضی کو بھلایا نہیں جا سکتا۔ آپ کو چاہیے ماضی کو بھلا کر آگے چلیں۔ ہم اپنی فوج اور شہداء پر فخر کرتے ہیں۔ فوج اور عدلیہ کے خلاف بات کرنے والے بتائیں آپ کے پاس کوئی ثبوت ہے؟

ایکس سروس مین سوسائٹی کے صدر کا کہنا تھا کہ برطانیہ کے فنانس منسٹر کا کیا حق ہے پاکستان کے الیکشن پر بات کریں، 2018 میں جو ہوا وہ سب مان گئے کہ ملک کے ساتھ کیا ہوا ہے۔  جو 2018 میں ہوا اسکو بھول کر آگے بڑھنا چاہیے۔ فوج میں حاضر سروس ہو یا ریٹائرڈ ہو سب جواب دہ ہوتے ہیں۔ یاد رکھیں جب آپ فوج کو بدنام کریں گے تو آپ کو فوج بخشے گی نہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp