یوکرینی صدر کو آسکر ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کی اجازت نہیں مل سکی

ہفتہ 11 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

روسی جارحیت سے نبرد آزما یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کو مغرب میں اپنے موقف کی تشہیر کے لیے گذشتہ برس کے دوران ہاتھوں ہاتھ لیا جاتا رہا ہے۔ ایوارڈ شو، فلم فیسٹیول اور یہاں تک کہ نیویارک اسٹاک ایکسچینج نے بھی انہیں اس ضمن میں خوش آمدید کہا ہے۔

لیکن جب موقع آیا سب سے زیادہ دیکھے جانیوالی آسکر ایوارڈز کی براہ راست نشریات کا تو یوکرین کے ہر دلعزیز رہنما کو روکھا جواب دے دیا گیا ہے۔

فروری 2022 میں یوکرین پر روسی حملہ کے بعد سے یہ دوسرا موقع ہے کہ آسکر ایوارڈز کی میزبان تنظیم اکیڈمی آف موشن پکچرز آرٹس اینڈ سائنسز نے ایوارڈز کی اس سالانہ تقریب میں یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کو آن لائن تقریر کرنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اکیڈمی نے ولیئم مورس اینڈیور سے وابستہ بااثر ایجنٹ مائیک سمپسن کی جانب سےمزاحیہ اداکاری سے سیاست میں قدم رکھنے والے یوکرینی صدر زیلنسکی کے لیے آسکر ایوارڈز کی تقریب میں بات کرنے کی درخواست کو مسترد کر دیا ہے۔

ایک سال قبل یوکرین پر روسی حملے کے بعد سے صدر زیلنسکی سیٹلائٹ کے ذریعے کانز اور وینس دونوں فلمی میلوں کے ساتھ ساتھ گریمی ایوارڈز میں شریک ہو چکے ہیں اور عملی طور پر ستمبر میں نیویارک اسٹاک ایکسچینج کی افتتاحی گھنٹی بھی بجا چکے ہیں۔

جنوری میں گولڈن گلوب ایوارڈز کی تقریب میں معروف آسکر ایوارڈ یافتہ اداکار شان پین نے صدر زیلنسکی کا تعارف کراتے ہوئے انہیں براہ راست خطاب کا موقع  دیا تھا۔ اور بعد ازاں یوکرین کے دارالحکومت کیف پہنچ کر اپنا بیسٹ ایکٹر آسکر ایوارڈ جنگ کے خاتمہ تک یوکرینی صدر کو پیش کردیا تھا۔

صدر زیلنسکی کی آسکر ایوارڈز میں ورچوئل اسپاٹ حاصل کرنے کی ناکام کوشش ایک ایسے وقت کی گئی ہے جب حالیہ سروے سے یہ بات پہلے ہی عیاں ہوچکی ہے کہ یوکرین کو امداد فراہم کرنے کے لیے امریکیوں کی حمایت کمزور پڑ گئی ہے۔

95 ویں آسکر ایوارڈز کی تقریب 12مارچ کو امریکی شہر لاس اینجلس میں اپنے روایتی انداز میں منعقد ہوگی۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp