آصف زرداری کو پی ٹی آئی سے رابطہ کرنا بھی ہوتا تو شیرافضل کے ذریعے کیوں کرتے، فیصل کریم کنڈی

بدھ 14 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیر افضل مروت کے سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے رابطے و دیگر دعووں کو پیپلز پارٹی رہنما فیصل کریم کنڈی نے بے بنیاد قرار دے دیا۔

شیرافضل مروت نے دعویٰ کیا تھا کہ آصف زرداری منگل کی رات 11 بجے تک مجھ سے رابطے کرتے رہے تھے۔ ان کے مطابق پیپلزپارٹی نے عندیہ دیا ہے کہ جو آپ کی سیٹیں ہیں وہ قانونی طریقے سے واپس لے لیں ہم اعتراض نہیں کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ پیپلزپارٹی نے عندیہ دیا ہے کہ اس کی ترجیح ن لیگ نہیں بلکہ پی ٹی آئی ہے۔

شیر افضل کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما  فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پی ٹی آئی کو اگر سرکاری مؤقف دینا ہے تو کسی سنجیدہ شخص سے دلوائیں کیوں کہ شیرافضل مروت کامیڈی شو تو کرسکتے ہیں لیکن سنجیدہ سیاستدان نہیں بن سکتے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ شیر افضل مروت کو خواب میں بھی آصف زرداری نظر آرہے ہیں اور اگرپی ٹی آئی سے رابطہ کرنا بھی ہوتا تو کسی سنجیدہ شخص کے ذریعے رابطہ کیا جاتا، ایک ایسا شخص جس کی سنجیدگی پر سوالات اٹھتے ہیں اس کے ذریعے آصف زرداری رابطہ کیوں کرتے۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ اگر پی ٹی آئی سمجھتی ہے کہ دھاندلی والی سیٹیں مل سکتی ہیں تو یہ پیپلزپارٹی یا کوئی اور جماعت نہیں دے سکتی بلکہ یہ تو عدالت یا ٹریبونل ہی فیصلہ کرسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب پیپلزپارٹی نے وزیراعظم کے لیے شہبازشریف کو ووٹ دینے کا اعلان کردیا ہے تو پھر پی ٹی آئی سے رابطہ کیوں اور کس لیے کرے گی لہٰذا شیر افضل مروت کا دعویٰ بچکانہ اور غیر سنجیدہ ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp