لاہور کے ضمنی انتخابات: کونسے شکست خوردہ لیگی رہنما قسمت آزمائی کریں گے؟

جمعرات 15 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حالیہ عام انتخابات میں شریف خاندان سے نواز شریف، مریم نواز اور حمزہ شہباز نے دو دو نشستوں جبکہ شہباز شریف نے 4 نشستوں سے الیکشن لڑا تھا، انتخابی نتائج کے مطابق نواز شریف لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 130 کی نشست حاصل کرنے میں کامیاب رہے لیکن مانسہرہ سے الیکشن ہارگئے تھے۔

دوسری جانب دیگر تینوں رہنما شہباز شریف، مریم نواز اور حمزہ شہباز اپنی تمام نشستیں جیتنے میں کامیاب ہوگئے، شہباز شریف نے قومی اسمبلی کا انتخاب این اے  123 لاہور اور این اے 132 قصور سے جبکہ پنجاب کی صوبائی اسمبلی کا انتخاب پی پی 158 اور 164 کے حلقوں سے لڑا اور چاروں نشستیں جیت کر سرخرو ہوئے۔

حمزہ شہباز لاہور کے حلقہ این اے 118 اور پی پی 147 سے الیکشن لڑ کر دونوں نشستوں پر کامیاب ہوگئے، اسی طرح مریم نواز نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 119 اور پی پی 159 سے الیکشن لڑ کر دونوں نشستوں پر کامیاب ہوئی ہیں، لاہور کی بات کی جائے تو تحریک استحکام پارٹی کے صدر علیم خان نے لاہور کے حلقہ این اے 117 اور پی پی 149 سے الیکشن لڑا اور دونوں نشستوں سے کامیاب ہوئے۔

مسلم لیگی ذرائع کے مطابق شہباز شریف قصور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 132 کی نشست اپنے پاس رکھیں گے اور باقی تینوں نشستیں چھوڑ دیں گے، اسی طرح حمزہ شہباز اپنی صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 147 چھوڑتے ہوئے قومی اسمبلی کی حلقہ این اے 118 کی نشست اپنے پاس رکھیں گے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق مریم نواز پی پی 159 کی نشست رکھتے ہوئے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 119 کی نشست چھوڑ دیں گی، دوسری جانب رہنما استحکام پاکستان پارٹی علیم خان قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 117 کی نشست رکھتے ہوئے اور پی پی 149 کی پنجاب اسمبلی کی نشست خالی چھوڑ دیں گے۔

 چھوڑی ہوئی نشستوں پر ن لیگ کے کون سے رہنما الیکشن لڑیں گے؟

ن لیگی ذرائع کے مطابق اس وقت پارٹی میں مختلف نام ان حلقوں میں متوقع ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کے ضمن میں گردش کر رہے ہیں، اس وقت مریم نواز کی چھوڑی ہوئی نشست حلقہ این اے 119 کے لیے 2 متوقع امیدواروں کے نام لیے جارہے ہیں، جن میں خواجہ سعد رفیق اور علی پرویز ملک شامل ہیں۔

لیگی رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق اپنے حلقے سے الیکشن ہار گئے ہیں اس لیے وہ اس حلقے سے آسکتے ہیں جبکہ علی پرویز ملک کا یہ حلقہ رہا ہے، مریم نواز نے جب اس حلقے سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا تو وہ پیچھے ہٹ گئے تھے، ذرائع کے مطابق یہاں زیادہ امکان علی پرویز ملک کی نامزدگی کا دکھائی دیتا ہے۔

اسی طرح لاہور کے حلقہ این اے 123 اور پی پی 158 کے حوالے سے کہا جارہا ہے رانا ثناء اللہ ان حلقوں سے ن لیگ کے امیدوار ہوسکتے ہیں تاہم پی پی 164 پر کون الیکشن لڑے گا اس ضمن میں کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا جبکہ حمزہ شہباز کی چھوڑی ہوئی نشست پی پی 147 اورعلیم خان کی خالی نشست پی پی 149 پر خواجہ سعد رفیق اور رانا مشہود مضبوط لیگی امیدوار ہو سکتے ہیں۔

لیگی ذرائع کے مطابق یہ تمام نام پارٹی کے اندر گردش کر رہے ہیں اور اس ضمن میں حتمی مشاورت ہونا باقی ہے، جس کے بعد حتمی فیصلہ قائد مسلم لیگ ن نواز شریف ہی کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp