الیکشن کمیشن اور آر اوز درخواستگزاروں کے اعتراضات دور کریں، پشاور ہائیکورٹ

جمعرات 15 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پشاور ہائیکورٹ نے انتخابی نتائج میں مبینہ تبدیلی کے خلاف کیس الیکشن کمیشن اور ریٹرننگ آفیسرز (آر اوز) کے پاس بھیج دیا۔

خیبر پختونخوا میں انتخابی نتائج میں مبینہ تبدیلی کے خلاف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کی درخواست پر سماعت پشاور ہائیکورٹ کے ججز جسٹس شکیل احمد اور جسٹس وقار احمد پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے کی۔

عدالت نے درخواستگزار علی زمان ایڈووکیٹ کے کیس کے علاوہ تمام درخواستیں نمٹا دیں اور الیکشن کمیشن کو درخواست گزاروں کا کیس قانون کے مطابق دیکھنے کی ہدایت کی۔

عدالت نے الیکشن کمیشن اور آر اوز کو درخواست گزاروں کے اعتراضات دور کرنے کا حکم بھی جاری کیا۔

واضح رہے کہ پیر کو کیس کی سماعت کے دوران پی ٹی آئی رہنماؤں کے وکیل قاضی انور ایڈووکیٹ نے اپنے دلائل میں کہا تھا کہ آر اوز نے دھاندلی کے ذریعے تمام آزاد امیدواروں کے نتائج تبدیل کیے، فارم 45 میں نتائج ہمارے حق میں تھے، فارم 47 میں تبدیل کردیے گئے۔

عدالت نے ریمارکس دیے تھے کہ قوانین کے مطابق درخواستگزاروں کے کیس میں دوبارہ گنتی نہیں ہوسکتی، فارم 49 جاری ہوچکا ہے تو پھر ہم اسکو معطل نہیں کرسکتے۔ جسٹس ارشد علی نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ہائیکورٹ کے پاس 49 معطلی کا اختیار نہیں۔

 مذکورہ کیس میں درخواستیں پی کے 72، 73، 74، 75، 78، 79 اور 82 کے علاوہ این اے 28 کے نتائج کے خلاف ہیں۔ درخواستگزاروں میں پی ٹی آئی رہنما تیمور جھگڑا، کامران بنگش، محمود جان، ارباب جہانداد، محمد عاصم، علی زمان، شہاب اور ساجد نواز شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp