پی سی بی ان ایکشن: حارث رؤف کا سینٹرل کنٹریکٹ ختم، محمد حفیظ بھی عہدے سے فارغ

جمعرات 15 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سخت ایکشن لیتے ہوئے قومی کھلاڑی حارث رؤف کا سینٹرل کنٹریکٹ ختم کر دیا، اور ڈائریکٹر قومی ٹیم محمد حفیظ کو بھی عہدے سے فارغ کر دیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے فاسٹ بولر حارث رؤف کا سینٹرل کنٹریکٹ ختم کردیا ہے۔ یہ فیصلہ دورہ آسٹریلیا 24-2023 کے لیے پاکستان کے ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل ہونے سے ان کے انکار کی تحقیقات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔

پی سی بی کی ایک کمیٹی کی طرف سے مکمل سماعت کے عمل کے بعد اور معاملے میں شامل تمام اسٹیک ہولڈرز کے خیالات کو مدنظر رکھتے ہوئے حارث کا سینٹرل کنٹریکٹ یکم دسمبر 2023 سے ختم کر دیا گیا ہے اور انہیں 30 جون 2024 تک کسی بھی غیر ملکی لیگ میں کھیلنے کی این او سی جاری نہیں کی جائے گی۔

پی سی بی انتظامیہ نے 30 جنوری 2024 کو انصاف کے اصولوں کے مطابق حارث کو سماعت کا موقع فراہم کیا تھا تاہم ان کا جواب غیر تسلی بخش پایا گیا۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لیے کھیلنا کسی بھی کھلاڑی کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ کسی بھی طبی رپورٹ یا معقول وجہ کی عدم موجودگی میں پاکستان کے ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بننے سے انکار سینٹرل کنٹریکٹ کی خلاف ورزی ہے۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ محمد حفیظ کو ڈائریکٹر کے عہدے سے فارغ کر دیا، اور سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ہم مستقبل میں محمد حفیظ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔

محمد حفیظ کو ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ میں ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد ڈائریکٹر کی ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف بھی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے چکے ہیں اور ان کی جگہ محسن نقوی نے ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔

محمد حفیظ کو ذمہ داریاں ملنے کے بعد کچھ ایسی چیزیں سامنے آئی تھیں جن سے یہ لگ رہا تھا کہ چیف ایگزیکٹو سلمان نسیر اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل عثمان واہلہ کو ڈائریکٹر ٹیم محمد حفیظ سے کچھ تحفظات ہیں۔

یاد رہے کہ ایک روزہ ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی کے بعد پی سی بی اور ٹیم میں اکھاڑ پچھاڑ کے بھی خاطر خواہ نتائج برآمد نہیں ہو سکے۔

اب محسن نقوی نے بطور چیئرمین پی سی بی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں اور نگراں وزارت اعلیٰ سے ہٹنے کے بعد وہ مکمل طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے معاملات دیکھیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp