پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ جنرل فیض حمید نے جنرل باجوہ سے مل کر تحریک انصاف کی پیٹھ میں چھرا گھونپا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عمران خان کا جنرل فیض حمید کے حوالے سے موقف دوسرا تھا مگر اب چیزیں سامنے آ رہی ہیں، ہمارے پاس اس حوالے سے کئی چیزیں موجود ہیں جو سامنے لائی جا سکتی ہیں۔
مزید پڑھیں
شیر افضل مروت نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف اور جمعیت علما اسلام ایک دوسرے کی حریف رہی ہیں اور سخت بیانات دیے جاتے رہے مگر اب چونکہ فضل الرحمان نے شہباز شریف کو حکومت میں بیٹھنے سے انکار کر دیا ہے اس لیے اصولی موقف کی بنیاد پر ہم نے ان سے رابطہ کیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمان کے دھاندلی کے خلاف دوٹوک موقف کی وجہ سے عمران خان نے تاکید کی کہ پریس کانفرنس میں جے یو آئی کا نام لازمی لینا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہاکہ مولانا فضل الرحمان نے جو رویہ اپنایا وہ انتہائی خوش آئند ہے اور ہم اسی کی توقع بھی کر رہے تھے۔
انہوں نے کہاکہ ہم دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے جا رہے ہیں، اب کوئی بھی جمہوری پارٹی اگر اس میں شامل ہونا چاہتی ہے تو خوش آمدید کہیں گے۔