تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے رابطے بحال، نئی حکمت عملی کیا ہوگی؟

جمعہ 16 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وفد کی جماعت اسلامی کی قیادت سے ملاقات شام سات بجے ہوگی، دونوں پارٹیوں کے رہنماؤں کی ملاقات اسلام آباد میں میاں اسلم کے گھر پر ہوگی۔ جماعت اسلامی کی طرف سے صدر کمیٹی لیاقت بلوچ کی سربراہی میں وفد ملاقات کرئے گا جس میں میاں اسلم اور عنایت اللہ خان شامل ہوں گے۔

پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے رابطے بحال ہوگئے، اس سے قبل ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما سردار لطیف کھوسہ نے جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ دونوں جماعتوں کے درمیان مذاکرات کے لیے مثبت پیش رفت سامنے آئی ہے۔

ترجمان جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ سردار لطیف کھوسہ نے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ سے رابطہ کیا، لطیف کھوسہ نے اشتراک عمل پر امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے موقف کو اصولی قرار دیا ہے، لطیف کھوسہ نے کہا ہم سمجھتے ہیں کہ اشتراک عمل صرف خیبرپختونخوا کی سطح پر نہیں، وفاقی سطح پر بھی کیا جانا چاہیے۔

قیصر شریف کے مطابق سردار لطیف کھوسہ نے لیاقت بلوچ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات ہے، ملاقات کے بعد جماعت اسلامی کی قیادت سے رابطہ کروں گا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ سیاسی جماعتوں میں مذاکرات کا راستہ ہمیشہ کھلا رہتا ہے۔

ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق پی ٹی آئی کی مذاکراتی ٹیم  کی آج جماعت اسلامی کی قیادت سے ملاقات کا بھی امکان ہے، تحریک انصاف کے رہنما عامر ڈوگر نے رابطہ کیا ہے۔ عامر ڈوگر نے کہا کہ اسد قیصر کی سربراہی میں پی ٹی آئی کی مذاکراتی ٹیم جماعت اسلامی کی قیادت سے ملنا چاہتی ہے۔ جماعت اسلامی نے قیادت سے مشاورت کے بعد وقت اور جگہ کا تعین کرنے کا عندیہ دے دیا۔

اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف نے حکومت سازی کے لیے وفاق میں مجلس وحدت المسلمین اور خیبرپختوںخوا میں جماعت اسلامی سے اتحاد کا اعلان کیا تھا، جس پر جماعت اسلامی نے اتحاد کرنے سے انکار کر دیا اور کہا کہ ابتدائی مشاورت مکمل ہونے کے بعد اعلان کیا ہے کہ تحریک انصاف کی قیادت نے اپنا موقف تبدیل کیا ہے جس کی وجہ سے اتحاد نہیں کیا جا سکتا۔

ترجمان جماعت اسلامی نے کہا تھا کہ تحریک انصاف نے قومی سطح پر اتحاد کی بات کی تھی اور بغیر بتائے یہ اتحاد خیبر پختونخوا تک محدود کر دیا، اب وہ خیبرپختونخوا میں بھی جس سے چاہیں اپنے معاملات طے کرلیں۔

واضح رہے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے گزشتہ روز اسد قیصر کو ان تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مذاکرات کرنے کا ٹاسک سونپا ہے جنہوں نے دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے کا اعلان کیا۔ اسد قیصر اسی سلسلے میں ان تمام جماعتوں کے ساتھ رابطوں میں مصروف ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp