بھارتی کرکٹر سرفراز خان کون ہیں اور ڈیبیو پر 97 نمبر کی جرسی کیوں پہنی؟

جمعہ 16 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی 26 سالہ نوجوان کرکٹر سرفراز خان نے اپنے کیریئر کا شاندار آغاز کیا، انہوں نے طویل عرصہ ہندوستان کے لیے کھیلنے کا انتظار کیا، تاہم گزشتہ روز جمعرات کو ان کا خواب پورا ہو گیا، جب انہوں نے راجکوٹ میں انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ ڈیبیو پر ففٹی بنائی۔ سرفراز نے 66 رنز بنائے، جو ان کے مداحوں کے حواسوں پر چھائے رہے۔

سرفراز نے 93.94 کے اسٹرائیک ریٹ سے بیٹنگ کرتے ہوئے تیز رفتاری سے اپنے رنز بنائے، لیکن سینچری نہ بنا سکے اور ان کی اننگز غیر رسمی طور پر رن ​​آؤٹ پر ختم ہوئی۔ تاہم اس وقت سوشل میڈیا پر بھارتی بیٹر سرفراز خان کی 97 نمبر کی جرسی کے چرچے بھی ہو رہے ہیں، انہوں نے یہ جرسی کیوں زیب تن کی اس حوالے سے بھی دلچسپ حقیقیت سامنے آئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کے 26 سالہ بلے باز سرفراز خان نے اپنے پہلے ٹیسٹ میچ میں 97 نمبر کی جرسی پہنی تھی، جس کے راز سے انہوں نے خود پردہ اٹھاتے ہوئے بتایا کہ وہ انڈر 19 کے دور سے ہی 97 نمبر کی شرٹ پہنتے ہوئے آئے ہیں جبکہ ان کے بھائی مشیر خان بھی جو حال ہی میں جنوبی افریقہ میں ہونے والے انڈر 19 ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم کا حصہ تھے اسی نمبر کی شرٹ استعمال کرتے ہیں۔

سرفراز خان نے اس حوالے سے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ 97 نمبر کی شرٹ پہننے کا مقصد اپنے والد کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نوشاد خان بھارتی ڈومیسٹک کرکٹ کے ایک مشہور کوچ ہیں اور انہوں نے سرفراز سمیت متعدد کرکٹرز کو تیار کیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ سرفراز کے والد کا نام ہندی نمبر 9 اور 7 کا ایک مجموعہ ہے، یعنی نو (9) اور سات (7) ہیں جو کہنے میں (نوسات) نوشاد بنتا ہے۔ اس وجہ سے سرفراز خان نمبر 97 کی شرٹ پہنتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ چند سالوں میں ڈومیسٹک کرکٹ میں سخت محنت کرنے کے بعد بالآخر سرفراز خان کو راجکوٹ میں انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں قومی ٹیم میں پہلی بار شامل کیا گیا۔ ان کے ڈیبیو پر والد نوشاد خان اور اہلیہ رومانہ ظہور کافی جذباتی ہوگئے تھے، جس کو کرکٹ شائقین نے کرکٹ تاریخ کے جزباتی لمحات قرار دیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp