گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے سربراہ صبغت اللہ شاہ راشدی نے کہا ہے کہ حالیہ انتخابات نے تمام سیاسی پارٹیوں کو قومی سطح سے اٹھا کر صوبائی سطح تک محدود کردیا ہے لہٰذا اب فوج کے علاوہ کوئی ایسا نہیں جو ملک بچا سکے۔
عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف سندھ کے شہر جامشورو میں گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے زیر اہنمام احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے صبغت اللہ راشدی (المعروف پیر پگارا) نے دعویٰ کیا کہ الیکشن 2024 کے نتائج 3 ماہ قبل ہی طے ہوچکے تھے۔
حیدرآباد میں ایم 9موٹروے پر جی ڈی اے کا انتخابی دھاندلی کیخلاف احتجاجی دھرنا۔۔۔!!! pic.twitter.com/LQ2KPHAyeS
— Mughees Ali (@mugheesali81) February 16, 2024
حروں کے روحانی پیشوا اور مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر پگارا نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ کہ تمام نشتیں پہلے ہی بک چکی تھیں جس سے ملک کی دنیا بھر میں بدنامی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ ملک میں انصاف نہیں دیں گے تو پھر لوگ انصاف کے حصول کے لیے الگ راستہ چنیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عجیب بات یہ ہے کہ جو الیکشن ہارا ہے وہ سراپا احتجاج اور جو جیتا ہے وہ بھی پریشان ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے ملک میں جو جتنا اچھا جھوٹ بول سکتا ہو وہ آج کل کامیاب سیاستدان ہے۔
مزید پڑھیں
پیر پگارا نے کہا کہ احتجاج ہمارا حق ہے جو انتخابات پر ڈاکے کے خلاف شروع کیا گیا ہے لیکن فوج ہماری اپنی ہے ہم اس کے خلاف جانے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہماری فوج ہے جو سرحدیں سنبھال رہی ہے اور دہشتگردوں سے مقابلہ کر رہی ہے جس کے باعث ہم سکون سے گھوم پھر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انٹرا پارٹی انتخابات ن لیگ، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ فنکشنل نے بھی اسی طرح کروائے لیکن پی ٹی آئی پر الیکشن کمیشن اتنا سیریس ہوگیا۔
عمران خان سے غلطی ہو سکتی ہے مگر چور نہیں
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان پر توشہ خانہ کی اشیا لینے کا الزام ہے تو کیا پہلے والوں نے ایسا نہیں کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کی نظر میں عمران خان چور نہیں ہیں ہاں ان سے غلطی سرزد ہوسکتی ہے کیوں کہ وہ انسان ہیں فرشتے نہیں اور اگر وہ چور ہیں تو پھر تو ہم سب ہی چور ہیں۔
پیرپگارا نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ آزاد امیدوار اتنی بڑی تعداد میں جیتے ہیں اور یہ پی ٹی آئی کے نوجوانوں نے کمال کردکھایا ہے۔
سربراہ جی ڈی او اور فنکنشنل لیگ نے کہا کہ پی ٹی آئی سمیت جو بھی ہمارے ساتھ آنا چاہے وہ آجائے ہم مل کر جدوجہد کریں گے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایسے انتخابات کے نتیجے میں بننے والی حکومت 8 سے 10 ماہ بھی نہیں چل سکے گی اور مہنگائی میں بھی مزید اضافہ ہوجائے گا۔
معاشرے کو مڈل کلاس چلاتی ہے امیر نہیں
ان کا کہنا تھا کہ معاشرے کو مڈل کلاس چلاتی ہے امیر نہیں اگر مڈل کلاس ختم ہوگئی تو کیا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ فوج نے سب کو آزما لیا ہے لہٰذا ہوسکتا ہے ملک میں ایمرجنسی یا مارشل لا لگ جائے اور یہی جج اس سیٹ اپ کو پروٹیکشن بھی دیں گے۔
پیر پگارا نے دعا کہ کہ ’اللہ ہمارے ملک اور فوج کو اپنے حفظ و امان میں رکھے اور ججوں کی رہنمائی کرے کہ وہ قوم کے فائدے کے لیے سوچیں‘۔
کراچی پر شہری وڈیروں کو مسلط کر دیا گیا، حافظ نعیم الرحمان
دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کراچی پر شہری وڈیروں کو مسلط کر دیا گیا اور جماعت کی سیٹیں چرالی گئیں۔
حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ اب لوٹ مار کا راج نہیں چلے گا اور ہم سب کو مافیا سے آزادی حاصل کرنی ہی ہوگی۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ پیر پگارا کی قیادت میں شروع ہونے والی تحریک اب رکے گی نہیں کیونکہ جدوجہد ہی مسائل کا حل ہے اور اسی کو اسلام میں جہاد کہا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کا مینڈیٹ چوری کیا گیا اور ہم تو کہتے ہیں جو جیتا ہے اسے جیتنے دو اور جو ہارا ہے اسے ہارنے دو۔
احتجاجی جلسے سے سابق اسپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، قومی عوامی تحریک کے قائد ایاز لطیف پلیجو اور پیر صدر فنکشنل لیگ پیر صدرالدین شاہ راشدی سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔