نمبر گیم ناکام: پی ٹی آئی کا وفاق اور پنجاب میں اپوزیشن میں بیٹھنے کا اعلان

جمعہ 16 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف نے نمبر پورے نہ ہونے پر وفاق اور پنجاب میں اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما بیرسٹر سیف نے قومی وطن پارٹی کے رہنماؤں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں ملک میں ہم آہنگی ہو، اسی تناظر میں عمران خان کی ہدایت پر قومی وطن پارٹی کے رہنماؤں سے ملاقات کی ہے۔

بیرسٹر سیف نے کہاکہ فارم 45 کے مطابق ہم واضح اکثریت کے ساتھ جیتے ہوئے ہیں مگر دھاندلی کر کے ہمارے امیدواروں کو ہرایا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے ملک میں انتخابات کا مقصد ہی فوت ہو گیا ہے، کیونکہ ہر 5 سال بعد ہونے والے انتخابات متنازع ہو جاتے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف نے وفاق اور پنجاب میں مجلس وحدت المسلمین کے ساتھ جبکہ خیبرپختونخوا میں جماعت اسلامی کے ساتھ مل کر حکومت بنانے کا اعلان کیا تھا۔

یہ بھی یاد رہے کہ عام انتخابات میں قومی اسمبلی کی نشستوں پر پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ 92 امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔

اس وقت پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ ارکان کی تعداد 92 ہے، جبکہ مسلم لیگ ن کے نومنتخب ارکان 79 ہیں اور وہ دوسرے نمبر کی جماعت ہے۔

اس کے علاوہ پیپلزپارٹی 54 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر کی جماعت ہے۔

مسلم لیگ ن، پاکستان پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم اور دیگر جماعتوں نے مل کر اتحادی حکومت بنانے کا اعلان کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp