تحریک انصاف اقتدار میں آکر فتح مکہ ماڈل اپنائے گی، عمران خان کا کسی سے انتقام نہ لینے کا اعلان

جمعہ 16 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے کہا ہے کہ ہم اقتدار میں آکر فتح مکہ ماڈل اپنائیں گے، اور کسی سے کوئی انتقام نہیں لیا جائے گا کیونکہ ملک کو آگے لے کر جانا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما علی محمد خان، سردار لطیف کھوسہ اور عامر ڈوگر کی بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات ہوئی ہے۔

علی محمد خان نے ملاقات کے بعد سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ عمران خان نے قوم کے مسائل پر تفصیل سے گفتگو کی ہے اور کچھ ضروری ہدایات دی ہیں جو جلد سامنے لائی جائیں گی۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان نے نیلسن منڈیلا کے ٹروتھ اینڈ ری کنسلیشن کا بھی حوالہ دیا کہ ملک کو آگے لے جانے کے لیے سچ، معافی اور درگزر کی طرف جانا ہوگا۔

علی محمد خان نے کہاکہ عمران خان نے ملاقات کے دوران اسیری کے گزرے دنوں کے بارے میں پوچھا۔ اس کے علاوہ عامر ڈوگر سے بھی جیل کے گزرے دنوں بارے دریافت کیا۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہاکہ لطیف کھوسہ نے عمران خان کو کہاکہ آپ کی لاہور کی جیتی ہوئی نشست امانت ہے، جس پر انہوں نے کہاکہ نہیں میں رہا ہوکر میانوالی سیٹ پر الیکشن لڑوں گا۔

واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اس وقت اڈیالہ جیل میں اور انہیں عدالتوں نے مختلف 3 کیسز میں سزا سنائی ہوئی ہے۔

عمران خان کے جیل میں ہوتے ہوئے بھی عام انتخابات میں ان کی پارٹی نے بھرپور کامیابی حاصل کی ہے، بلے کا انتخابی نشان نہ ہونے کے باوجود خیبرپختونخوا میں واضح اکثریت کے علاوہ قومی اسمبلی میں اب تک ان کے جیتے ہوئے حمایت یافتہ آزاد امیدوار پہلے نمبر پر ہیں۔

اسی طرح پاکستان تحریک انصاف کے آزاد امیدوار پنجاب میں مسلم لیگ ن کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں۔

اس سے قبل عمران خان نے کہا تھا کہ ہم واضح اکثریت کے ساتھ جیتے ہوئے تھے مگر ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا ہے، انہوں نے مخالف سیاسی جماعتوں کو کہا تھا کہ حکومت بنانا ہمارا حق ہے اس لیے اقتدار میں گھسنے والے مس ایڈونچر سے گریز کیا جائے۔

تاہم نمبر گیم پوری نہ ہونے پر آج بیرسٹر سیف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے وفاق اور پنجاب میں اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp