کیوی کھانے سے انسان کی دماغی صحت اور مزاج 4 دن میں بہتر ہو سکتا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیوزی لینڈ کے سائنسدانوں نے تحقیق کی ہے کہ دماغی صحت کو بڑھانے یہ پھل اس لیے بھرپور کردار ادا کرتا ہے کیوں کہ یہ وٹامن سی سے بھرپور ہوتا ہے۔ اس پھل کے دیگر فوائد کے علاوہ یہ موڈ پر بھی خاصا مثبت اثر ڈالتا ہے۔
مزید پڑھیں
محققین نے 155 بالغوں پر غذائیت کا تجربہ کیا جو وٹامن سی کی کم سطح کے شکار تھے۔ انہوں نے شرکا کو 3 گروپوں میں تقسیم کیا۔ پہلے نے پلیسیبو) دوائی کی صورت دیا جانے والا ایک بے ضرر مادہ) لیا، دوسرے نے وٹامن سی کی گولیاں لیں اور تیسرے نے 8 ہفتوں تک روزانہ 2 کیوی کھائے۔
محققین نے دریافت کیا کہ وٹامن سی گروپ اور کیوی کھانے والے گروپ دونوں نے موڈ میں بہتری آنے کے بارے میں بتایا لیکن کیوی کھانے والے گروپ نے یہ بھی بتایا کہ وہ زیادہ کامیاب اور خود اعتمادی محسوس کرتے ہیں۔
کیوی کھانے والے گروپ نے صرف 4 دنوں میں ہی اپنے مزاج میں بہتری پائی اور اس تجربے کے اثرات 14 سے 16 دنوں کے درمیان اپنے عروج پر پہنچ گئے۔
اوٹاگو یونیورسٹی کے ایک نفسیاتی محقق اور اس تحقیق کے شریک ٹاملین کونر کا کہنا ہے کہ لوگوں کے لیے یہ جاننا بہت اچھا ہے کہ ان کی خوراک میں چھوٹی تبدیلیاں جیسے کہ کیوی پھل کا اضافہ ان کے مزاج اور دماغی صحت میں کیا فرق لاتا ہے۔
وٹامن سی کی جسم کی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے روزانہ ایک کیوی کھانا کافی ہوتا ہے اور یہ پوٹاشیم، فائبر اور وٹامن اے اور ای کے حصول کا ایک عمدہ ذریعہ ہے۔