تحریک انصاف کا انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف ملک گیر احتجاج جاری

ہفتہ 17 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، اس دوران کئی مقامات پر پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں کا آمنا سامنا بھی ہوا ہے، لاہور پولیس نے پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما سلمان اکرام راجا کو حراست میں لیا تھا، تاہم بعد میں انہیں رہا کر دیا گیا۔

تحریک انصاف کے کارکنان ریلیوں کی صورت میں مختص کردہ جگہوں پر احتجاجی مظاہرے کے لیے پہنچ رہے ہیں، اسلام آباد میں شیر افضل مروت کی قیادت میں ریلی ایف 9 پارک کی طرف رواں دواں ہے۔

ہم روز احتجاج کریں گے، سلمان اکرم راجا

لاہور میں پی ٹی آئی کی ریلی پر پولیس نے دھاوا بول دیا اور کارکنا کی پکڑ دھکڑ شروع کردی، اس دوران پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجا سمیت 20 کارکنان کو بھی گرفتار کیا گیا تاہم بعد سلمان اکرم راجا کو بعدازاں رہا کردیا گیا۔

اس موقع پر سلمان اکرم راجا نے کہاکہ ہم روزانہ احتجاج کریں گے، اور عوام کا یہ سیلاب ہر روز بڑھتا جائے گا۔ لاہور میں کوئی دفعہ 144 کا نفاذ نہیں ہے، یہ لوگ ہمارا حق دبا رہے ہیں۔

پاکستان میں عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام آج ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔ جمعرات کو عمران خان سے ملاقات کے بعد تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہا تھا کہ عمران خان نے انتخابی دھاندلی کے خلاف احتجاجی مہم چلانے کے لیے کہا ہے۔

گزشتہ ایک دو روز کے دوران رہنما پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی اور شیر افضل مروت نے احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سربراہ سکندر سلطان راجہ سے مستفعی ہونے کا مطالبہ کیا۔ پی ٹی آئی رہنماؤں نے کارکنان کو اسلام آباد پریس کلب کے باہر احتجاج کی کال دی۔

تحریک انصاف کی طرف سے آج احتجاج کی کال دی گئی، تاہم انتظامیہ کی جانب سے نیشنل پریس کلب کے باہر جہاں تحریک انصاف نے احتجاج کرنا تھا، گرین بیلٹ پر کھدائی شروع کر دی گئی ہے۔ اس گراؤنڈ میں عام طور پر مظاہرین اپنا احتجاج ریکارڈ کراتے ہیں اور دھرنے دیتے ہیں۔

پی ٹی آئی کے احتجاج کے اعلان کے بعد اسلام آباد پولیس نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں ہنگامہ آرائی کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ دوسری جانب ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے بھی پی ٹی آئی کے احتجاج کی درخواست مسترد کر دی ہے۔

اسلام آباد پولیس کی جانب سے سوشل میڈیا پر سیکیورٹی صورتحال اور پولیس کے دستوں کی ڈیوٹی کرتے ہوئے ویڈیوز شیئر کی گئییں اور پیغام لکھا گیا کہ اسلام آباد میں امن عامہ کے قیام اور دفعہ 144 کی عملداری یقینی بنانے اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے جوان اور افسران شہر بھر میں اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں ۔ عوام الناس کو متنبہ کیا جاتا ہے کہ کسی غیر قانونی عمل کا حصہ نہ بنیں۔

دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے بھی شہر بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی ہے اور دفعہ 144 نافذ العمل ہے۔ اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ ناکوں پر تلاشی سخت کردی گئی ہے جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے سی ٹی ڈی کے خصوصی دستے گشت پر تعینات ہیں۔

شہریوں کو دوران سفر ضروری شناختی دستاویزات ساتھ رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے پولیس نے دوران چیکنگ تعاون کی درخواست کی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس دوران ایف نائن پارک کے اطراف میں ٹریفک کا رش ہوسکتا ہے۔ آنھوں نے شہریوں سے اس طرف غیرضروری سفر سے اجتناب کرنے کی درخواست کی ہے۔

اسلام آباد پولیس نے سوشل میڈیا پر الرٹ جاری کرتے ہوئے لکھا کہ دارالحکومت میں کسی کو ہنگامہ آرائی کی اجازت نہیں دی جائے گی، تمام جماعتوں کو عوامی معلوماتی پلیٹ فارمز سے دفعہ 144 کے نافذ العمل ہونے کی بابت آگاہ کیا جا چکا ہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

گزشتہ روز بھی اسلام آباد پولیس نے سیکیورٹی سخت کرنے کے احکامات جاری کیے، ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے مطابق ہائی سیکیورٹی زون کے اندر کسی ریلی یا جلوس کی اجازت نہیں ہو گی۔ علاوہ ازیں سرکیں بند کرنے پر بھی پولیس ایکشن لے گی۔

پولیس ترجمان نے کہا کہ ممکنہ احتجاج کے پیش نظر پولیس کی مزید نفری طلب کر لی گئی ہے اور شہر میں ناکہ بندی اور جانچ  پڑتال سخت کردی گئی ہے۔

لاہور میں بھی پریس کلب کے باہر تحریک انصاف کے احتجاج کی کال پر پولیس کی بھاری نفری پریس کلب کے باہر پہنچنا شروع ہوگئی ہے۔ پولیس قیدی وین بھی پریس کلب کے باہر پہنچا دی گئی۔

تحریک انصاف کی جانب سے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف پنجاب بھر میں احتجاج کی کال دی گئی تھی قیادت کی جانب سے لاہور میں کارکنان کو پریس کلب کے باہر جمع ہونے کی ہدایت کی گئی ہیں۔

پی ٹی آئی نے پنجاب کے 21 بڑے مقامات پر احتجاج کا اعلان کررکھا ہے، اور پنجاب کے چند بڑے مقامات کا انتخاب بھی کرلیا گیا ہے۔ رہنما تحریک انصاف حماد اظہر کی جانب سے مقامات کا اعلان سوشل میڈیا کے ایکس اکاؤنٹ پر کیا گیا۔

حماد اظہر نے احتجاجی شیڈول شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ سینٹرل پنجاب میں 10 مقامات پر احتجاج کیا جائے گا، جن میں لاہور کے پریس کلب پر، قصور کے مسجد چوک، نکانہ کے کچہری چوک، ناروال کے فیض احمد فیض پارک، گجرات کے جی ٹی ایس چوک، حافظ آباد کے پریس کلب، گجرانوالہ کے نوشہرہ ورڈ الراہی اسپتال چوک، منڈی بہاؤالدین کے پریس کلب اور ملکوال چوک، شیخوپورہ صدرکےعلاقے اور سیالکوٹ کے کچہری چوک پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا۔

جبکہ شمالی پنجاب میں احتجاجی مقامات سے متعلق کہنا تھا کہ راولپنڈی کے علاقے ایف 9 پارک، جہلم کے الیکشن کمیشن آفس، چکوال تلاگنگ کے پریس کلب، اٹک کے فوارہ چوک، خوشاب کے ڈی سی آفس، بھکر کے زیم والا تحصیل کلر کوٹ، سرگودھا کے قینچی موڑ اور میانوالی کے روکھڑی موڑ پر پی ٹی آئی ورکرز کی جانب سے احتجاج کیا جائے گا۔

جنوبی پنجاب کے مقامات سے حماد اظہر کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کے ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں پُرامن احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے، جس کے لیے نگانہ چوک، ملتان، فرید گیٹ بہالپور اور ٹریفک چوک ڈی جی خان کے مقامات کا انتخاب کیا گیا ہے۔

واضح رہے گزشتہ روز جی ڈی اے، جماعت اسلامی اور دیگر جماعتوں نے مل کر سندھ کے شہر جامشورو میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا، جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp