8 فروری کو ملک میں ہونے والے عام انتخابات کے نتائج پر مختلف جماعتوں نے تحفظات کا اظہار کیا ہے اور الیکشن کمیشن سے نتائج کی درستی کا مطالبہ کیا ہے۔
عام انتخابات میں دھاندلی کے خلاف جہاں پاکستان تحریک انصاف، جمعیت علما اسلام سمیت دیگر جماعتیں ملک گیر احتجاج کر رہی ہیں وہیں بلوچستان میں بھی انتخابی نتائج پر تحفظات رکھنے والے جماعتیں سراپا احتجاج ہیں۔
مزید پڑھیں
کوئٹہ میں آج انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف دھرنا دیا گیا جس میں ہزار ڈیموکریٹک پارٹی، نیشنل پارٹی، بلوچستان نیشنل پارٹی اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے کارکنوں نے شرکت کی۔
احتجاجی دھرنے سے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل، نینشل پارٹی کے صدر عبدالمالک بلوچ، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود اچکزئی اور ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین عبدالخالق نے خطاب کیا۔
وہ لوگ کامیاب ہوئے جنہیں فرشتوں نے ووٹ دیے، اختر مینگل
دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے اختر مینگل نے کہاکہ بلوچستان میں وہ لوگ انتخابات میں کامیاب ہوتے ہے جنہیں فرشتے ووٹ دیتے ہیں۔ جن امیدواروں نے الیکشن میں 4 ووٹ لیے انہیں 400 کر دیا گیا۔
انہوں نے کہاکہ نتائج تبدیل کرنے کے پیچھے خفیہ ہاتھ ہے، جن لوگوں نے نتائج تبدیل کروائے ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔
انہوں نے کہاکہ تمام آراوز اور ڈی آراوز کو کمشنر راولپنڈی کی طرح ہمت کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ جب تک سیاسی معاملات میں اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت بند نہیں ہوتی ہم خاموش نہیں ہوں گے۔
ہم وطن سے عشق کرنے والے لوگ ہیں، محمود اچکزئی
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محمود اچکزئی نے کہاکہ ہم وطن سے عشق کرنے والے لوگ ہیں، ہمیں کسی سے محب وطن ہونے کا سرٹیفیکیٹ نہیں چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ ہم لوگوں کو گالیاں دینے والے لوگ نہیں، عمران خان کے خلاف عدم اعتماد میں جنرل باجوہ سے کبھی ملاقات نہیں کی۔
انہوں نے کہاکہ اگر کسی نے ثابت کردیا کہ میں نے جنرل باجوہ سے ملاقات کی ہو تو میں استعفیٰ دوں گا۔
بلوچستان سمیت پورے ملک میں عوام کا مینڈیٹ چوری کیا گیا، عبدالمالک بلوچ
احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کے صدر ڈاکٹر عبدالماک بلوچ نے کہاکہ بلوچستان سمیت پورے ملک میں آمرانہ طرز پر عوام کا مینڈیٹ چوری کیا گیا۔
انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں سوچے سمجھے منصوبے کے تحت قوم پرستوں کو عوام سے دور کیا جارہا ہے، آج ایسے لوگوں کو اسمبلیوں میں بھیجا جارہا ہے جن کا اس سرزمین سے تعلق نہیں۔
انہوں نے کہاکہ سردار اختر مینگل اور محمود اچکزئی کو ایسے لوگ ہراتے ہیں جن کو خود جیتنے کا نہیں پتا تھا۔
آج پوری دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہو رہی ہے، عبدالخالق ہزارہ
ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین عبدالخالق ہزارہ نے اپنے خطاب میں کہاکہ یہاں ہر الیکشن کے بعد اداروں اور عوام میں دوریاں بڑھ رہی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ آج پوری دنیا میں ہماری جگ ہنسائی ہورہی ہے، ملک میں 3 جماعتوں کے علاوہ پوری عوام سراپا احتجاج ہے۔
عبدالخالق نے کہاکہ پیپلز پارٹی، ن لیگ اور ایم کیو ایم سے کہتا ہوں اپنے گریبان میں جھانکیں۔
انہوں نے کہاکہ دھاندلی زدہ حکومت کے آنے سے مزید معاشی مشکلات پیدا ہوں گی۔