پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس: عمران خان کی فی الفور رہائی کا مطالبہ

ہفتہ 17 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف نے مطالبہ کیا ہے کہ کمشنر راولپنڈی کے بیان کے بعد سب کچھ کھل کر سامنے آگیا ہے کہ عام انتخابات میں تحریک انصاف کا مینڈیٹ چوری کیا گیا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ ہمارا مینڈیٹ ہمیں واپس کیا جائے۔

پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی اجلاس کے بعد علی محمد خان، لطیف کھوسہ اور عامر ڈوگر نے میڈیا سے گفتگو کی ہے اور کہا ہے کہ عمران خان کے حق میں عوامی عدالت نے فیصلہ دے دیا ہے اس لیے انہیں فی الفور رہا کیا جائے اور پی ٹی آئی کا چرایا گیا مینڈیٹ بھی واپس کیا جائے۔

ہم 160 سے زیادہ سیٹیں جیتے ہوئے ہیں، علی محمد خان

علی محمد خان نے کہاکہ ہماری 92 نہیں بلکہ 160 سے زیادہ سیٹیں ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ ہمارا حق میں ہمیں واپس کیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان سے کل ہماری ملاقات ہوئی ہے تو انہوں نے کہاکہ ہمیں ہمارا مینڈیٹ واپس ملنا چاہیے، ہم حکومت میں آکر کسی سے انتقام نہیں لیں گے بلکہ فتح مکہ ماڈل اپنائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ خواتین کی مخصوص نشستیں حاصل کرنے کے لیے ہماری مختلف پارٹیوں سے بات چیت جاری ہے، تحریک انصاف تھی، ہے اور رہے گی۔

علی محمد خان نے کہاکہ عمران خان نے پی ٹی آئی انٹراپارٹی الیکشن کی بھی ہدایت کی ہے اور ہم جلد یہ بھی کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ جیلیں مجھے ڈرا نہیں سکتیں، میں قوم کی خاطر ڈٹ کر کھڑا ہوں۔

کمشنر راولپنڈی کا بیان عمران کان کے موقف کی تائید ہے، لطیف کھوسہ

اس موقع پر پی ٹی آئی کے ممبر قومی اسمبلی لطیف کھوسہ نے کہاکہ کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے جو باتیں کی ہیں وہ عمران خان کے موقف کی تائید ہے۔ اور ثابت ہوگیا کہ ہم جو کہہ رہے تھے وہی ہوا۔

لطیف کھوسہ نے کہاکہ عام انتخابات میں جس طرح جیتے ہوئے لوگوں کو ہرایا گیا وہ سب کے سامنے ہے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ کمشنر راولپنڈی نے اپنے ضمیر کی آواز پر لبیک کہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان کے بغیر نہ جمہوریت چل سکتی ہے، نہ اسمبلی چل سکتی ہے اور نہ ہی ریاست چل سکتی ہے، اس لیے ہمارا مطالبہ ہے کہ عمران خان کو فی الفور رہا کیا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp