پی ایس ایل سیزن 9 کا سپر سنڈے، 2 بڑے مقابلے آج ہوں گے

اتوار 18 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 کا میلہ سج گیا ہے، آج اتوار کے روز 2 بڑے مقابلے ہوں گے، پشاور زلمی کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز کا کراچی کنگز کے ساتھ میچ پوگا۔ پہلا میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں جبکہ دوسرا میچ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان سپر لیگ کا دوسرا میچ آج پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان قذافی اسٹیڈیم لاہور میں دن 2 بجے کھیلا جائے گا، جبکہ لیگ کا تیسرا میچ آج کے روز ہی رات 7:30 بجے ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے درمیان ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

پشاور زلمی کی قیادت بدستور بابر اعظم کریں گے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم پہلی مرتبہ سرفراز احمد کی کپتانی کی بغیر میدان میں اترے گی اور ان کے کپتان جنوبی افریقی بیٹر رائلی رُوسو ہوں گے۔

باہمی مقابلوں میں اب تک زلمی کا پلڑا بھاری دکھائی دیتا ہے۔ دونوں ٹیمیں اب تک 22 بار ایک دوسرے کے مدمقابل آئی ہیں جس  میں 12 بار زلمی نے میدان مارا تو گلیڈیئٹرز 9 بار فاتح رہے۔

اسی طرح کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے درمیان اب تک 13 میچز ہو چکے ہیں جس میں کراچی نے 6 جبکہ ملتان نے 5 میچوں میں فتح حاصل کی۔

اس میچ میں کراچی کنگز کی کپتانی شان مسعود کریں گے جبکہ محمد رضوان ملتان سلطانز کی قیادت کریں گے۔

ملتان میں آج پاکستان سپر لیگ کے میچ کے حوالے سے ٹریفک ایڈوائزری پلان سامنے آ گیا۔

اس حوالے سے ملتان، مظفرگڑھ، لودھراں، وہاڑی اور خانیوال سے آنے والے شائقینِ کرکٹ کے لیے ٹریفک ایڈوائزری پلان جاری کیا گیا ہے۔

واضح رہے گزشتہ روز قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے پہلے میچ میں اسلام آباد یونایٹڈ نے دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز کو 8 وکٹوں سے ہرا دیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp