پی ایس ایل ایڈیشن 9 : ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 55 رنز سے شکست دیدی

اتوار 18 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) ایڈیشن 9 کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 55 رنز سے شکست دے دی۔ ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں2 کھلاڑیوں کے نقصان پر کراچی کنگز کو 186 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں کراچی کنگز8 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 20 اوورز میں 130 رنز ہی بنا سکی۔

کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کے 185 رنز کے تعاقب میں اپنی اننگز کا آغاز کیا تو ابتدا میں ہی اسے نقصان اٹھانا پڑا، کراچی کنگز کی پہلی وکٹ 10 کے مجموعی اسکور پر گری جب جیمز ونس محض 5 رنز پر ڈیوڈ ولی کی گیند پر محمد علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

کراچی کنگز کی دوسری وکٹ بھی 10 کے مجموعی اسکور پر گر گئی جب سعد بیگ کو ڈیوڈ ولی نے پہلی ہی گیند پر صفر پر بولڈ کر دیا، تیسری وکٹ 62 کے مجموعی اسکور پر گری جب کپتان شان مسعود 30 رنز بنانے کے بعد اسامہ میر کی گیند پر ڈیوڈ ولی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

کراچی کنگز کے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شعیب ملک تھے، جو 99 کے مجموعی اسکور پر جارحانہ کھیلتے ہوئے 35 گیندوں پر 53 رنز اسکور کرنے کے بعد عباس آفریدی کی گیند پر اسامہ میر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، انہوں نے اپنی اننگز میں 2 چھکے اور 5 چوکے لگائے۔

پانچویں وکٹ 100 کے مجموعی اسکور پر گری جب محمد نواز محض 7 رنز بنانے کے بعد عباس آفریدی کی گیند پر ہینڈرکس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، چھٹی وکٹ بھی 101 پر گر گئی جب ڈینیئل سامس محمد علی کی گیند پر صفر پر بولڈ ہو گئے، اسی طرح کراچی کنگز کی ساتویں وکٹ بھی 101 رنز پر ہی گر گئی جب حسن علی بھی محمد علی کی گیند پر صفر پر کلین بولڈ ہو گئے۔

کراچی کنگز کی آٹھویں وکٹ 113 کےمجموعی اسکور پر گری میر حمزہ کو بھی محمد علی نے صفر پر بولڈ کر دیا۔ یوں کراچی کنگز کی ٹیم 8 وکٹیں گنوانے کے بعد مقررہ 20 اوورز میں 130 رنز ہی بنا سکی اور یوں ملتان سلطانز نے محمد رضوان کی قیادت میں پی ایس ایل کا تیسرا میچ 55 رنز سے جیت لیا۔

ملتان سلطانز کی جانب سے سب سے عمدہ بولنگ محمد علی نے کی، انہوں نے اپنے 4 اوورز میں 23 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ ڈیوڈ ولی اور عباس آفریدی نے 2 ، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اسامہ میر ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

اس سے قبل پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) ایڈیشن 9 کے تیسرے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔

پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کا تیسرا میچ کراچی کنگ اور ملتان سلطانز کے درمیان ملتان اسیڈیم میں کھیلا گیا، جس میں ملتان سلطانز کی جانب سے بیٹنگ کا آغاز محمد رضوان اور ڈیوڈ میلان نے کیا۔

تاہم ملتان سلطانز کی اوپنر جوڑی اس وقت ٹوٹ گئی جب جارحانہ موڈ میں نظرآنے والے محمد رضوان 17 رنز کے مجموعی اسکور پر 2 چوکوں کی مدد سے 11 رنز بنانے کے بعد میر حمزہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔

محمد رضوان کے آؤٹ ہونے کے بعد ڈیوڈ میلان بھی ایک چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے 41 گیندوں پر 52 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، انہیں ڈینیئل سامس کی گیند پر عرفان خان نے کیچ پکڑ کر آؤٹ کیا۔

ڈیوڈ میلان کے آؤٹ ہونے کے بعد رضا ہینڈرکس کریز پر آئے تو انہوں نے انتہائی جارحانہ کھیلتے ہوئے 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 54 گیندوں پر 79 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے، خوشدل شاہ نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا اور 4 چوکوں کی مدد سے 13 گیندوں پر 28 رنز اسکور کیے۔

رضا ہینڈرکس کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت ملتان سلطانز مقررہ 20 اوورز میں کراچی کنگز کو جیت کے لیے 186 رنز کا ہدف دینے میں کامیاب ہوئے۔

کراچی کنگز کی جانب سے میر حمزہ اور ڈینیئل سامس ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔

ملتان سلطانز الیون میں محمد رضوان (کپتان)، ڈیوڈ میلان، رضا ہینڈرکس، یاسر خان، افتخار احمد، خوشدل شاہ، ڈیوڈ ولی، اسامہ میر، عباس آفریدی، محمد علی، شاہنواز دہانی شامل ہیں۔

کراچی کنگز الیون میں شان مسعود (کپتان)، جیمز ونس، سعد بیگ، شعیب ملک، کیرون پولارڈ، محمد نواز، ڈینیئل سامس، حسن علی، میر حمزہ، تبریز شمسی، محمد عامر خان شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp