’بند کمروں کے فیصلے قبول نہیں‘، پی ٹی آئی اور جے یو آئی شیرانی کا مل کر چلنے کا اعلان

پیر 19 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے وفد نے اپنی اتحادی جماعت جے یو آئی شیرانی کی قیادت سے ملاقات کی ہے۔

پی ٹی آئی اور جے یو آئی شیرانی کے رہنماؤں نے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کی ہے اور مستقبل میں اکٹھے چلنے کا اعلان کیا ہے۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما بیرسٹر گوہر نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں ہمارا مینڈیٹ ہمیں واپس ملے، ہم 180 سے زیادہ نشستوں پر جیتے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کا جے یو آئی شیرانی سے اتحاد قائم رہے گا، انہوں نے ہمیں مشکل وقت میں سپورٹ کیا۔

جعلی حکومت مسائل کو حل نہیں کر سکے گی، اسد قیصر

اس موقع پر سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاکہ اگر کوئی حربہ کر کے جعلی حکومت بٹھا بھی دی گئی تو وہ مسائل کو حل نہیں کر سکے گی۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارا مینڈیٹ ہمیں واپس ملے۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت جن جن سیاسی جماعتوں کو انتخابی نتائج پر تحفظات ہیں ہم ان سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ تاکہ مل کر آگے بڑھیں۔

اسد قیصر نے کہاکہ ہمارا مطالبہ ہے فارم 45 کے مطابق نتائج جاری کیے جائیں، اور ہمیں عدالتوں سے پوری امید ہے کہ انصاف کیا جائے گا۔

انہوں نے چیف جسٹس سے مطالبہ کیا کہ کمشنر راولپنڈی کے انکشافات پر جوڈیشل انکوائری کی جائے۔ اب ہم کسی صورت بند کمروں میں کیے گئے فیصلے نہیں مانیں گے۔ ہم سب سے بڑی پارٹی ہیں اور وزیراعظم بھی ہمارا ہی ہوگا۔

ملک کے لیے قربانیاں دیں اور دیتے رہیں گے، عمر ایوب

اس موقع پر پی ٹی آئی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار عمر ایوب نے کہاکہ ہم نے اس ملک کے قربانیاں دی ہیں اور دیتے رہیں گے۔

مقتدر شخصیات اور سیاسی جماعتیں اتفاق پیدا کریں، مولانا گل نصیب

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی شیرانی کے رہنما مولانا گل نصیب نے کہاکہ ہم نے پی ٹی آئی کے ساتھ مل کر آگے چلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مقتدر شصیات اور سیاسی جماعتیں اتفاق پیدا کریں۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے اپنے آزاد امیدواروں کی شمولیت کے لیے سنی اتحاد کونسل کے ساتھ اتحاد کر لیا ہے، اور اب سنی اتحاد کونسل کے پلیٹ فارم سے اسمبلیوں میں مخصوص نشستیں حاصل کی جائیں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp