پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے صدر لیفٹینیٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا ہے کہ مسلح افواج کے ادارے اپنی بہادر سپاہ کا نا صرف دوران سروس خیال رکھتے ہیں بلکہ سبکدوشی کے بعد بھی ان کی فلاح و بہبود کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔
راولپنڈی میں پاکستان آرمڈ سروسز سولجرز بورڈ کے سربراہ میجر جنرل نیئر نصیر کی نگرانی میں بریفنگ کا انعقاد کیا گیا۔
مزید پڑھیں
پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے صدر لیفٹینیٹ جنرل عبدالقیوم نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ بریفنگ کا مقصد ادارے کے مقاصد اور کارکردگی سے ایکس سروس مین سوسائٹی کے وفد کو آگاہ کرنا تھا۔
عبدالقیوم نے کہاکہ وزارت دفاع کے ماتحت قائم ہونے والے ادارے پاکستان آرمڈ سروس سولجرز بورڈ کی وساطت سے ریٹائرڈ فوجیوں کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔
پاکستان آرمڈ سروسز سولجرز بورڈ کی کارکردگی قابل تحسین ہے
انہوں نے کہاکہ پاکستان آرمڈ سروسز سولجرز بورڈ کی اس سلسلے میں کارکردگی قابل تحسین ہے۔ پاکستان بننے سے اب تک 20 ہزار فوجی اپنی جانیں ملک کی حفاظت کے لیے نثار کر چکے ہیں جن میں سے 10 ہزار تو صرف دہشت گردوں سے مقابلوں میں شہید ہوئے۔
انہوں نے کہاکہ شہدا کے لواحقین کی دیکھ بھال ہمارا قومی فریضہ ہے جس میں پاکستان آرمڈ سروسز بورڈ کا ایک کلیدی کردار ہے۔
جنرل عبدالقیوم نے ادارے کی کارکردگی خصوصا پینشنرز، بیواؤں اور شہدا کے لواحقین کے لیے کی گئی خدمات کو سراہا۔