خیبر پختونخوا اسمبلی کے نو منتخب اراکین ’سی وی‘ کیوں بنا رہے ہیں؟

منگل 20 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد اراکین کی اکثریت کے بعد پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا کابینہ کی تشکیل پر کام شروع کر دیا ہے اور نامزد وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور جلد حتمی منظوری کے لیے نو منتخب اراکین کے سی وی عمران خان کے سامنے حتمی منظوری کے لیے پیش کریں گے۔

وزیراعلی خیبر پختونخوا نامزد ہونے کے بعد علی امین گنڈاپور ڈی آئی خان سے پشاور منتقل ہوگئے ہیں اور دن رات اجلاس اور اراکین سے ملاقوں میں مصروف ہیں۔

عمران خان سی وی دیکھ کر صوبائی کابینہ فیصلہ کریں گے

وزیر اعلی اور اسپیکر کے لیے ناموں کے اعلان کے بعد کابینہ کے لیے مشاورت جاری ہے، تحریک انصاف کے رہنماؤں کے مطابق کابینہ میں صوبے کے تمام ڈویژن سے نمائندگی ہو گی اور مشاورت کے بعد نام عمران خان کے سامنے رکھے جائیں گے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق نو منتخب اراکین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی سی وی تیار کریں کیوںکی اسی کی بنیاد پر وزرات دینے کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔

گزشتہ روز پشاور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو میں نامزد وزیر اعلی علی امین گنڈاپور نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کابینہ پر مشاورت جاری ہے تاہم حتمی فیصلہ عمران خان خود کریں گے۔

’کابینہ کے لیے نو منتخب اراکین کی ’سی وی’ دیکھ کر عمران خان حتمی منظوری دیں گے، تحریک انصاف کے مطابق پہلی بار کابینہ اراکین کا انتخاب سی وی دیکھ کر قابلیت پر ہو رہا ہے۔‘

کچھ پرانے چہرے بھی کابینہ کا حصہ ہوں گے

اگرچہ ابھی تک کابینہ کے ارکان کے ناموں کے حوالے سے ابھی تک حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے تاہم کچھ نام بطور مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آئے ہیں، ذرائع کے مطابق صوبائی وزراء کی تعداد 15 جبکہ 5 مشیر بھی رکھے جائیں گے، پہلے مرحلے میں 10 معاونین خصوصی لیے جائیں گے، الیکشن نتائج کے حوالے سے حتمی فیصلہ آنے تک تیمور جھگڑا اور کامران بنگش کی تقرری بطور مشیر کی جائے گی۔

تیمور جھگڑا اور کامران بنگش کے علاوہ شکیل خان، اکبر ایوب، مشتاق غنی، عارف احمدزئی سمیت میاں خلیق الرحمان کا نام بھی ممکنہ کابینہ اراکین میں شامل ہیں جبکہ خواتین بھی کابینہ میں شامل ہوں گی۔

نامزد وزیر اعلیٰ جیل میں عمران خان سے ملاقات کریں گے

ذرائع کے مطابق نامزد وزیراعلی علی امین گنڈاپور جلد ہی اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کریں گے اور صوبائی کابینہ اور حکومت سازی پر پیش رفت کے حوالے سے انہیں آگاہ کریں گے، نامزد وزیراعلی صوبائی کابینہ کے لیے اراکین خیبرپختونخوا اسمبلی کے ’سی وی‘ بھی عمران خان کو پیش کرکے ناموں کی باقاعدہ منظوری بھی لیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp