پاکستان سپر لیگ 9 میں کئی نوجوان کھلاڑیوں کو متعارف کرایا گیا ہے، جن میں سے بعض کھلاڑی نہایت عمدہ کھیل پیش کر رہے ہیں۔ نوجوان کرکٹر خواجہ نافع بھی ایسے ہی ایک پلیئر ہیں جو پی ایس ایل 9 میں ابھر کر سامنے آئے ہیں۔
پیر کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں خواجہ نافع نے 31 گیندوں پر 4 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 60 رنز کی ناقابل شسکت اننگز کھیل کر لاہور قلندرز کے خلاف اپنی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شاندار فتح دلوائی اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
مزید پڑھیں
خواجہ نافع کی دھواں دار بلے بازی کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 188 رنز کا ہدف 5 گیندیں قبل ہی حاصل کرلیا اور یہ میچ 5 وکٹوں سے جیت کر ایونٹ میں دوسری کامیابی حاصل کی۔
منفرد اعزاز
خواجہ نافع پی ایس ایل کی تاریخ کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے 30 سے زیادہ گیندوں کی ایسی اننگز کھیلی جس میں صرف ایک ڈاٹ بال شامل تھی۔
خواجہ نافع نے اپنی عمدہ بیٹنگ سے پاکستان کرکٹ میں اس سوچ کو غلط ثابت کر دیا ہے کہ پاکستانی کھلاڑی ون ڈاؤن یا اوپنر کی پوزیشن پر کھیل کر میچ کی کامیابی میں کردار ادا نہیں کر سکتا۔ خواجہ نافع نے پاکستانی کرکٹ سے اس سوچ کا بھی خاتمہ کر دیا ہے کہ جب وکٹیں گر رہی ہوں تو اس وقت ہار کے خوف کو ذہن سے نکال کر جیت کے لیے کھیلنا اور جارحانہ انداز اپنانا ناممکن نہیں۔
کرکٹ کا آغاز کہاں سے کیا؟
22 سالہ خواجہ نافع نے اب تک ریجنل کرکٹ نہیں کھیلی۔ وہ اس سے پہلے کلب کی سطح پر کرکٹ کھیلتے رہے ہیں۔ خواجہ نافع کا تعلق کراچی کے کلب ’فیوچر اسٹار اکیڈمی‘ سے ہے اور وہ مقامی سطح پر ایک مقبول کھلاڑی ہیں۔ انہیں مقامی کرکٹ میں اسٹائلش کرکٹر کے طور پر مانا جاتا ہے۔
پی ایس ایل میچ کی تقریب میں خواجہ نافع نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ وہ بچپن سے ’پاکستان سی سی‘ کلب میں کھیل رہے ہیں، انہوں نے بتایا کہ کلب کے کوچ اقبال خان اور دیگر ٹرینرز کی مدد اور رہنمائی سے آج وہ یہ مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
Mohammad Hasnain interviews Khawaja Nafay – a name to remember ☝🏾⭐️
Any suggestions for a nickname for Nafay? 🤔#HBLPSL9 I #KhulKeKhel I #LQvQG pic.twitter.com/tTK65Nke5C
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) February 19, 2024
انہوں نے کہا کہ ان کے فیورٹ بیٹرز بابر اعظم اور روہت شرما ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ پریکٹس کا نتیجہ ہی تھا کہ وہ حارث رؤف اور شاہین آفریدی جیسے سینئر فاسٹ بولرز کا بے خوفی سے سامنا کرنے میں کامیاب ہوئے۔
صائم ایوب کا سیکنڈ ورژن اور نو لُک شاٹ
خواجہ نافع کا کھیل دیکھ کر کئی لوگ کہہ رہے ہیں کہ وہ صائم ایوب کا سیکنڈ ورژن ہیں۔ اس حوالے سے ایک سوال کے جواب میں خواجہ نافع نے بتایا کہ صاےم ایوب بھی انہی کے کلب میں کھیلے ہیں۔ نو لک شاٹ کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ وہ کوچ کے ساتھ اس کی پریکٹس کرتے ہیں، کوچ نے انہیں یہی کہا ہے کہ اس شاٹ کی اتنی پریکٹس کرو کہ بغیر دیکھے ہی شاٹ مار سکو۔
کیا نافع کو ان کی ویڈیوز کی وجہ سے منتخب کیا گیا؟
سوش میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر صارف فرید خان نے ایک پوسٹ کی ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ سینیئر کرکٹر اور وکٹ کیپر سرفراز خان نے انکشاف کیا ہے کہ خواجہ نافع کو فیس بک ویڈیوز دیکھ کر منتخب کیا گیا ہے، وہ اپنی ویڈیوز اپلوڈ کرتے تھے جن کی وجہ سے وہ لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے۔
"Khawaja Nafay was picked from Facebook. He uploaded the video of his batting and then caught the attention," reveals Sarfaraz Ahmed 🇵🇰🟣🤯🤯🤯#HBLPSL9 pic.twitter.com/8etOCM1E1l
— Farid Khan (@_FaridKhan) February 19, 2024
تاہم اس حوالے سے ایک سوال کے جواب میں نافع نے بتایا کہ انہیں ویڈیوز کی وجہ سے منتخب نہیں کیا گیا، انہیں ان کے کلب کے مالک اعظم بھائی نے کھیلتے ہوئے دیکھا تھا اور پرفارمنس کی بنیاد پر انہیں متعارف کروایا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ یہ ویڈیوز خود شیئر نہیں کرتا، دوسرے لوگ کرتے ہیں جو پھر وائرل ہو جاتی ہیں۔
’ویون رچرڈز نے اعتماد دیا‘
خواجہ نافع کا کہنا تھا کہ وہ خوش قسمت ہیں کہ انہیں کرکٹ لیجنڈز کی رہنمائی میں کھیلنے کا موقع مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویون رچرڈز اور دیگر سینئرز کی بدولت انہیں خود اعتمادی حاصل ہوئی ہے۔