میں ایک زندہ لاش ہوں، پی ٹی آئی سینیٹر عون عباس کی سینیٹ میں جذباتی تقریر

منگل 20 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر عون عباس بپی نے کہا ہے کہ اڈیالہ جیل میں قید ایک شخص عمران خان نے سارے نظام کو ننگا کر دیا ہے۔

ایوان بالا میں اظہار خیال کرتے ہوئے عون عباس بپی نے کہاکہ میں 11 مہینے بعد یہاں تقریر کر رہا ہوں اور اس دوران میرے ساتھ جو کچھ ہوا وہ قابل بیان نہیں ہے۔ میں ایک زندہ لاش ہوں۔

انہوں نے کہاکہ 9 مئی کو جو کچھ ہوا اس کے بعد ہم روپوش ہو گئے، اور تقریباً ساڑھے 4 ماہ تک مختلف لوگوں کے پاس چھپتے پھرتے رہے لیکن بالآخر مجھے ڈیفنس لاہور سے گرفتار کر لیا گیا۔

انہوں نے کہاکہ میں گرفتاری کے بعد 14 روز تک چلے میں رہا اور پھر ایک بیان مجھ سے دلوایا گیا کہ میں پی ٹی آئی جنوبی پنجاب کی صدارت سے مستعفی ہوتا ہوں۔

عون عباس بپی نے کہاکہ آج یہاں دھاندلی کی تو بہت باتیں ہو رہی ہیں مگر تحریک انصاف کے کارکنوں کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے اس پر کوئی بات نہیں کرتا۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہاکہ میرا کاروبار تباہ ہو گیا، جب مجھے گرفتار کیا گیا تو واپس آنے تک میری والدہ کو فالج ہو چکا تھا۔

’عمران خان نے 8 فروری کو اس قوم کو آزاد کردیا‘

انہوں نے کہاکہ ایک قیدی جس کا نام عمران خان ہے اس نے 8 فروری کو اس قوم کو آزاد کر دیا اور آج اس نظام پر مسکرا رہا ہے۔

عون عباس بپی نے کہاکہ عام انتخابات میں لوگوں نے عمران خان کو ووٹ دے کر اپنے مینڈیٹ کا بھرپور تحفظ کیا مگر صبح پھر وہی ہوا ہے کہ ہماری سیٹیں کم ہوتے ہوتے 100 پر آگئیں اور پھر 92 تک پہنچا دیا گیا۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان کو 31 سال کی سزائیں دے کر بھی دل بھرا نہیں اور بشریٰ بی بی کو بنی گالا میں گھر میں قید کرکے وہاں کھانے میں زہر دیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہمارا مطالبہ ہے بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp