اسلامی تعاون تنظیم کا وزرا اطلاعات اجلاس 24 فروری کو استنبول میں ہوگا

منگل 20 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کا وزرا اطلاعات کا ایک غیر معمولی اجلاس 24 فروری کو استنبول میں منعقد ہوگا۔

اجلاس میں مقبوضہ فلسطینی علاقے میں صحافیوں اور میڈیا اداروں کے خلاف اسرائیلی قابض انتظامیہ کی جارحیت اور غلط معلومات کا مقابلہ کرنے کے لیے مشترکہ کوششوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

او آئی سی کی جانب سے منگل کو جدہ میں جاری بیان کے مطابق ترکی اسلامی کانفرنس کے وزرائے اطلاعات کی کانفرنس کی میزبانی او آئی سی کے وزرائے اطلاعات کے موجودہ چیئرمین کی حیثیت سے کررہا ہے۔ توقع ہے کہ او آئی سی کے رکن ممالک کے وزرا اطلاعات کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل حسین براہیم طحہ کانفرنس سے خطاب کریں گے اور شرکا کو مقبوضہ فلسطینی علاقہ خاص طور پر غزہ میں مختلف میڈیا اداروں اور صحافیوں کے خلاف اسرائیل کے جاری جرائم سے آگاہ کریں گے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ اسرائیل نے غزہ کی پٹی اور پورے فلسطین میں میڈیا کو دبایا ہوا ہے۔

او آئی سی نے اپنے بیان میں رپورٹس کے حوالے سے کہا کہ اسرائیل نے 140 سے زائد میڈیا اداروں کو نشانہ بنایا ہے جس کے باعث 7 اکتوبر 2023 سے میڈیا کے شعبے میں کام کرنے والے کم از کم 126 افراد شہید ہوئے ہیں۔

بیان کے مطابق اسرائیل نے غزہ کی پٹی کے عوام کے خلاف چار ماہ سے زائد عرصے سے مسلسل جنگ جاری رکھی ہوئی ہے جس کے نتیجے میں قتل عام، املاک کی تباہی اور بڑی تعداد میں فلسطینی بے گھر ہوئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp