نایاب نسل کا مگر مچھ جو دھاتی سکے کھانے کا شوقین ہے

بدھ 21 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا کے چڑیا گھر میں نایاب نسل کے مگرمچھ کے پیٹ سے 70 دھاتی سکے برآمد ہوئے ہیں۔

امریکا کے شہر اوماہا، نیبراسکا کے چڑیا گھر میں گزشتہ ہفتے ایک نایاب مگر مچھ کے پیٹ میں درجنوں سکے نظر آئے، جنہیں نکالنے کے لیے ہنگامی طریقہ کار کی ضرورت تھی۔

ہنری ڈورلی چڑیا گھر کے منتظمین کے مطابق ایک 36 سالہ مگرمچھ کے پیٹ میں کل 70 دھاتی سکے پائے گئے، یہ سکے مگرمچھ کی معمول کی جانچ کے دوران پائے گئے، سبھی کو کامیابی سے نکال دیا گیا ہے۔

جانوروں کی ڈاکٹر کرسٹینا پلوگ نے ایک بیان میں بتایا کہ ‘ سکے نکالنے کے دوران مگرمچھ کے منہ کی حفاظت کے لیے ایک پلاسٹک کا پائپ رکھا گیا تھا اور اس کے پیٹ میں سکوں تک رسائی کے لیے استعمال ہونے والے آلات کو محفوظ طریقے سے منتقل کرنے کے لیے ایک کیمرے کی مدد لی گئی۔‘

کرسٹینا پلوگ کا خیال ہے کہ یہ سکے ممکنہ طور پر چڑیا گھر میں آںے والے سیاحوں نے پھینکے تھے اور مگر مچھ نے نگل لیے تھے، ان کا کہنا ہے کہ ’مہمانوں کو چڑیا گھر میں پانی میں سکے نہیں پھینکنے چاہئیں۔‘

آڈوبن نیچر انسٹی ٹیوٹ کے مطابق امریکا کے مختلف چڑیا گھروں میں 10 نایاب مگرمچھ ہیں، ان میں ایک تھیبوڈاکس ایک نایاب لیوسیٹک مگر مچھ ہے، جس کی جلد شفاف سفید اور اس کی آنکھیں گہری نیلی ہیں۔ یہ لیوسیٹک ایلیگیٹر 2023 میں امریکی ریاست فلوریڈا کے ایک چڑیا گھر میں پیدا ہوا تھا جو دیکھنے میں انتہائی پیارا لگتا ہے۔

اکثر یہ بات دیکھنے میں آئی ہے کہ مگر مچھ چاہے چڑیا گھر میں ہوں یا جنگل میں لوگوں کے لیے بہت زیادہ توجہ کا مرکز بنتے ہیں، امریکا میں مگر مچھ کی جان لیوا شہرت اور جنوب مشرق میں لاکھوں کی آبادی کے باوجود یہ انسانی آبادی پر بہت کم حملہ کرتے ہیں، ان حملوں سے ہونے والی اموات اور بھی کم ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp