حکومت سازی میں پیش رفت، اسٹاک مارکیٹ میں 400 پوائنٹس کا اضافہ

بدھ 21 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سیاسی عدم استحکام کے باعث کاروباری مندی سے دوچار اسٹاک مارکیٹ نے بالآخر کروٹ لے لی اور حکومت سازی کا معاملات طے ہونے کے بعد پہلے ہی دن پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بہتری نظر آئی جب 100 انڈیکس 400 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 60900 کی حد پر پہنچ گئی۔

دوسری جانب ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بھی بہتری رونما ہوئی جب تین پیسے کے اضافے کے ساتھ ڈالر کی قیمت 279 روپے 60 پیسے ہوگئی ہے۔

اسٹاک مارکیٹ میں بہتری کی وجوہات بتاتے ہوئے ماہر معیشت شہریار بٹ کا کہنا ہے کہ بالآخر پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان اقتدار میں شرکت کا فارمولا طے پا گیا ہے جس کے تحت شہباز شریف وزیر اعظم ہوں گے۔

’اس پیش رفت سے سیاسی بے یقینی کی صورت حال میں کچھ بہتری آئی ہے اور یہ آنے والے دنوں میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر مثبت اثرات مرتب کرے گی، 3000 پوائنٹس جو الیکشن کے بعد کم ہوئے تھے اسے بالآخر بریک لگا ہے اور دن کے آغاز سے ہی 900 پوائنٹس کی بہتری دیکھی گئی۔‘

شہریار بٹ کے مطابق موجودہ سیاسی صورتحال کے پس منظر میں ایف بی آر بھی اپنی ٹیکس وصولی کے ہدف کو حاصل کرنے میں کامیاب نظر آرہی ہے، اگر سیاسی استحکام رہا تو مزید بہتری متوقع ہے لیکن صورت حال اس کے برعکس ہوئی تو نتائج خطرناک ہو سکتے ہیں۔

ڈالر کے مستحکم ہونے سے متعلق ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سیکریٹری جنرل ظفر پراچہ کا کہنا تھا کہ کافی عرصہ سے ڈالر ایک مستحکم پوزیشن پر دکھائی دے رہا ہے، ڈالر کا اوپر جانا یا نیچے آنا ملکی معیشت کی بالترتیب بہتری اور خرابی کی طرف اشارہ کرتا ہے۔

’اسکی وجہ چیف آف آرمی اسٹاف کی سنجیدگی ہے اور حکومت بننے کے بعد اس بات کو دیکھنا ہوگا کہ نئی حکومت معیشت کے حوالے سے کتنی سنجیدہ ہے اور معاملات کو کیسے آگے بڑھاتی ہے۔‘

ظفر پراچہ کے مطابق ملکی معاشی اشاریے درست سمت کی جانب گامزن ہیں اور اس صورتحال میں نئی حکومت تشکیل کا عمل ایک خوش آئند پیش رفت ہے، پالیسیوں میں تسلسل ہی کامیابی کی سیڑھی ہے اور اگر ایسا ہوا تو وہ ڈالر کو مزید سستا ہوتا ہوا دیکھ رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp