خدمت کے نئے سفر کا آغاز کر رہے ہیں، پنجاب میں ترجیحات کا روڈ میپ تیار کرلیا، مریم نواز

بدھ 21 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب کے لیے پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے نامزد وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ انہیں پاکستان اور پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ ہونے کا اعزاز ملا ہے اور وہ یہ اعزاز پاکستان کی ہر ماں، بہن، بیٹی اور ہر بچی کے نام کرتی ہیں۔

رائیونڈ میں پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ انہیں وزیراعلیٰ نامزد کرکے ایک خاتون اور ایک بیٹی کو عزت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پارٹی قائد نوازشریف، پارٹی صدر شہباز شریف اور جماعت کے تمام اکابرین کا شکریہ ادا کرتی ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ وہ نواز شریف اور شہباز شریف کے زیر سایہ، ان کی رہنمائی اور تجربے کو ساتھ لے کر چلیں گی اور ان کی پنجاب کو ترقی دینے کی سوچ پر عمل کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان خاص طور پر پنجاب کے عوام کا شکریہ ادا کرتی ہیں جنہوں نے نواز شریف کو مینڈیٹ دیا اور پاکستان مسلم لیگ ن کو سب سے بڑی جماعت کے طور پر الیکشن میں کامیاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ اور ان کی جماعت اپنی روشن روایت کو قائم رکھتے ہوئے ایک نئے جذبے، عزم اور خلوص کے ساتھ خدمت کے ایک نئے سفر کا آغاز کر رہے ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ انہوں نے حکومت اور جماعت کی سطح پر اپنی ترجیحات کا روڈ میپ مرتب کر لیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے ایم پی ایز ان کے بازو اور طاقت ہوں گے جبکہ  پنجاب کے تمام 297 حلقے ان کے لیے ضلع کی حیثیت رکھیں گے، صحت، تعلیم، بنیادی ڈھانچے، امن وامان، زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی وغیرہ کے شعبوں پر مساوی توجہ دی جائے گی، ہر حلقہ، ضلع، یونین کونسل یا ڈویژن کو ماڈل ہونا چاہیے، اور کوئی بھی دوسرے سے کم نہیں ہونا چاہیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp