پاکستان سپر لیگ ایڈیشن 9 : ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

بدھ 21 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) 2024 ، ایڈیشن 9  کے ساتویں میچ میں ملتان سلطانز نے کپتان محمد رضوان کی عمدہ اور افتخار احمد کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ ملتان سلطانز نے اپنے تیسرے میچ میں مطلوبہ ہدف 19 ویں اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرکے پوئنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

لاہور قلندرز کے 166 رنز کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی جانب سے کپتان محمد رضوان اور ڈیوڈ ملان نے اننگز کا آغاز کیا تو پہلے ہی اوور میں ڈیوڈ ملان کو زمان خان نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا، جس کے بعد ملتان سلطانز قدرے مشکلات کا شکار نظر آئی لیکن کپتان محمد رضوان نے انتہائی سنبھل کر کھیلتے ہوئے 3 چھکوں 9 چوکوں کی مدد سے 59 گیندوں پر 82 رنز اسکور کیے اور ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، وہ زمان خان کی گیند جارج لینڈے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

ملتان سلطانز کی دوسری وکٹ 15 کے مجموعی اسکور پر گری جب ریزا ہینڈرکس 9 رنز اسکور کر کے شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

ملتان سلطانز کی تیسری وکٹ 53 کے مجموعی اسکور پر گری جب یاسر خان 8 رنز بنا کر جارج لینڈے کی گیند پر صاحبزادہ فرحان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، چوتھی وکٹ 128 پر گری جب محمد رضوان آؤٹ ہوئے، پانچویں وکٹ 146 مجموعی اسکور پر گری جب ڈیوڈ ولیکو شاہین شاہ آفریدی نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔

ملتان سلطانز کی اننگز اور جیت کی خاص بات افتخار احمد کی دھواں دار بیٹنگ تھی، انہوں نے ایک ایسے وقت ٹیم کو فتح دلائی جب رنزوں اور گیندوں کے درمیان کئی زیادہ فرق تھا، افتخار احمد نے 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 11 گیندوں پرناقابل شکست 34 رنز اسکور کر کے ٹیم کو فتح دلا دی، انہیں مین آف دی میچ کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔

لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور زمان خان نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جب جارج لینڈے ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ ملتان سلطانز کی ٹیم اپنے تینوں میچ جیت کر 6 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پرپہلے نمبر پر براجمان ہو گئی ہے۔

اس سے قبل پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) 2024 ، ایڈیشن 9  کے ساتویں میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 167 رنز کا ہدف دیا تھا۔

لاہور قلندرز کی جانب سے اننگز کا آغاز صاحبزادہ فرحان اور فخر زمان نے کیا تو جلد ہی صاحبزادہ فرحان 3 کے مجموعی اسکور پر محمد علی کی گیند پر افتخار احمد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

لاہور قلندرز کی دوسری وکٹ 97 کے مجموعی اسکور پر گری جب رسی وین ڈیر ڈوسن 2 چھکوں، 4 چوکوں کی مدد سے 37 گیندوں پر 54 رنز اسکور کرنے کے بعد اسامہ میر کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، وہ لاہور قلندرز کی جانب سے ٹاپ اسکورر بھی رہے۔

لاہور قلندرز کی تیسری وکٹ 114 کے مجموعی اسکورپر گری جب فخر زمان 2 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 36 گیندوں پر 41 رنز بنا کر عباس آفریدی کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

چوتھی وکٹ 128 کے مجموعی اسکور پر گری جب سکندر رضا 23 رنز بنانے کے بعد محمد علی کی گیند پر اسامہ میر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، پانچویں وکٹ 144 کے مجموعی اسکور پر گری جب جہانداد خان 16 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہو گئے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے عبداللہ شفیق نے 6 اور کارلوس برتھویٹ نے 15 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے، اس طرح لاہور قلندرز نے ایکسٹرا 9 رنز کے ساتھ مقررہ 20 اوورز میں 166 رنز اسکور کیے اور ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 167 رنز کا ہدف دیا۔

ملتان سلطانز کی جانب سے محمد علی نے 2 جب کہ عباس آفریدی اور اسامہ میر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ملتان سلطانزکی ٹیم محمد رضوان (کپتان) ، ڈیوڈ ملان، رضا ہینڈرکس، یاسر خان، افتخار احمد، خوشدل شاہ، ڈیوڈ ولی، اسامہ میر، عباس آفریدی، محمد علی اور شاہنواز دہانی پر مشتمل ہے۔

لاہور قلندرز کی ٹیم میں فخر زمان، صاحبزادہ فرحان، رسیوین ڈیر ڈوسن، عبداللہ شفیق، سکندر رضا، جارج لنڈے، کارلوس براتھویٹ، جہانداد خان، شاہین آفریدی (کپتان)، حارث رؤف اور زمان خان پر مشتمل ہے

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp