نگراں وفاقی وزیرتجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں کو اس سے فائدہ حاصل کرنا چاہیے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تجارتی حجم 20 ارب ڈالر تک بڑھانے کا عزم کیا گیا ہے۔ آزاد تجارت کا معاہدہ سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرے گا اور پاکستان میں سعودی و خلیجی سرمایہ کاری کو تحفظ فراہم کرے گا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی دارالحکومت میں پاک، سعودی بزنس فورم کی منعقدہ تقریب میں پاکستانی اور سعودی کمپنیوں کے نمائندوں اور تاجروں نے شرکت کی، فورم میں سعودی اتھارٹی کے نائب صدر فواز بن رافعہ نے سعودی وزیر تجارت کی نمائندگی کی، اور دو طرفہ تجارتی حجم کو بڑھانے میں نجی شعبے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
مزید پڑھیں
نگراں وزیر تجارت پاکستان گوہر اعجاز نے اپنے سعودی ہم منصب سے ریاض میں ملاقات کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ تجارتی حجم کو 20 ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اس کے علاوہ تعمیرات، ڈیجیٹل اکانومی اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں سرمایہ کاری کو بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق فورم میں سرمایہ کاری، مشترکہ منصوبوں، تعمیراتی خدمات، آئی ٹی، خوراک ٹیکسٹائل اور مالیاتی خدمات سمیت مختلف کاروباری شعبوں میں تعاون کا جائزہ لیا گیا۔ پاکستان اور خیلجی ممالک کے درمیان آزاد تجارت کے معاہدے کے لیے کوششوں کو سراہتے ہوئے فواز بن رافعہ نے کہا کہ کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا چوتھا بڑا کاروباری شراکت دار ہے۔
نگراں وزیر تجارت پاکستان گوہر اعجاز نے کہا کہ آزاد تجارت کا معاہدہ سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرے گا اور پاکستان میں سعودی و خلیجی سرمایہ کاری کو تحفظ فراہم کرے گا۔ پاک سعودی بزنس فورم کا مقصد پاک سعودی تعلقات کے فروغ اور وژن 2030 کے منصوبوں سے استفادہ کرنا ہے۔
سعودی وزیر تجارت نے کہا کہ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے تجارتی تعلقات کو بڑھانے کے لیے خصوصی ذاتی دلچسپی لی ہے اور ان کی اس کاوش کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ہمارے بھائی ہیں اور ان کے لیے ہمارے دروازے ہمیشہ سے کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کے لیے سعودی عرب میں ملازمتوں کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے عوام کو فائدہ اٹھانا چاہیے۔
سعودی چیمبرز آف کامرس فیڈریشن کے صدر حسن بن معجب الحویزی نے کہا کہ فورم کا مقصد دو طرفہ تجارتی اور سرمایہ کاری شراکت داریوں کو فروغ دینا ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارتی تبادلے کا حجم 5.7 ارب ڈالر ہے۔ وژن 2030 کے منصوبوں میں باہمی تجارت اور پاکستانی سرمایہ کاری کو وسیع کرنے کے مواقع موجود ہیں‘
فورم کے دوران سعودی عرب میں سرمایہ کاری کے مختلف مواقع کے متعلق پاکستانی سرمایہ کاروں کو پریزینٹیشن دی گئی جبکہ پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع سے متعلق بھی فورم کے شرکا کو آگاہ کیا گیا۔