ہاتھی سے دوستی کی کوشش خاتون کو مہنگی پڑ گئی

جمعرات 22 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ہاتھی کو عام طور پر انسان دوست سمجھا جاتا ہے۔ افریقہ اور ایشیا کی کئی ممالک میں ہاتھی پالے بھی جاتے ہیں جو انسانوں کے ساتھ محبت بھرا سلوک کرتے ہیں۔

تاہم انٹرنیٹ پر ایسی کئی ویڈیوز دیکھنے کو ملتی ہیں جن میں بپھرے ہوئے ہاتھیوں کو انسانوں پر حملہ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ بعض اوقات وہ گاڑیوں اور فارمز کے باہر لگے حفاظتی جنگلے بھی توڑ ڈالتے ہیں۔

ایسی ہی ویڈیو سوشل میڈیا سائیٹ، ایکس پر وائرل ہوئی ہے جس میں ایک خاتون کو ہاتھی سے دوستی کی کوشش مہنگی پڑ گئی۔ اس ویڈیو کو ایکس پر تقریباً ایک کروڑ 30 لاکھ سے زیادہ بار دیکھا گیا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک خاتون حفاظتی ہیلمٹ پہن کر دوستی کا ہاتھ بڑھائے ایک جنگلی ہاتھی کی طرف بڑھتی ہے۔ ہنستی مسکراتی خاتون جونہی ہاتھی کے قریب پہنچتی ہے تو گھاس کھاتا ہاتھی فوراً اپنی سونڈ اٹھا کر اس پر حملہ کرتا ہے۔ ہاتھی کی زور دار ٹکر سے خاتون کئی گز دور جا گرتی ہے اور اس کی چیخوں سے جنگل گونج اٹھتا ہے۔

اس ویڈیو کو پوسٹ کرنے والے صارف نے لکھا تھا کہ “لڑکی ہاتھی سے دوستی کی کوشش کرتی ہے تو اسے پتا چلتا ہے۔۔۔”

اس پوسٹ پر ایکس صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصرے بھی کیے گئے۔ مثلاً ایک صارف نے لکھا کہ “جنگلی جانور پالتو جانور نہیں ہوتے۔”

ایک اور صارف کی جانب سے جنگلی جانوروں کو نہ چھیڑنے کی استدعا کی گئی۔

اس طرح ایک صارف نے متنبہ کیا کہ جب کوئی جانور دُم ہلا رہا ہو تو اس کے قریب جانے سے گریز کرنا چاہیئے کیونکہ وہ عدم تحفظ محسوس کر رہا ہوتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp