افغان شہری کا پاکستانی شناختی کارڈ بنوانے میں ملوث سہولت کار گرفتار

جمعہ 23 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چترال میں پولیس نے افغان شہری کے لیے پاکستانی شناختی کارڈ بنوانے میں ملوث سہولت کار کو گرفتار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، چترال کے نادرا آفس دروش کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے پولیس کو درخواست دی تھی کہ محمد یوسف ولد جان ایک افغان شہری شیر حسن کو لے کر نادرا آفس گیا اور خود کو اس کا والد ظاہر کرکے اس کا شناختی کارڈ بنوایا تھا۔

ملزم محمد یوسف نے اپنے بیان حلفی میں اپنے جرم کا اعتراف کیا ہے اور بتایا ہے کہ اس نے افغان شہری کے فارم پر انگوٹھا لگایا اور یونین کونسل سے اس کا پیدائش کا سرٹیفیکیٹ بھی بنوایا۔

ملز کا کہنا ہے کہ وہ غریب شخص ہے اور یہ کام علی جان ولد محمد جان سکنہ ارندو گول کے کہنے پر اس نے 15 ہزار روپے عوض کیا لہٰذا علی جان کو بھی گرفتار کیا جائے۔

پولیس نے ملزم یوسف اور افغان شہری کو گرفتار کرکے مزید کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی چترال میں غیر قانونی طور پر کارڈ بنانے میں ملوث 4 افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے تھے اور اب وہ پولیس کی حراست میں ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp