نفرت کی سیاست ملک کے لیے نقصان دہ، عوام کی پیپلزپارٹی سے توقعات بڑھ گئیں، بلاول بھٹو

جمعہ 23 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو نے مراد علی شاہ کو وزیراعلیٰ سندھ، اویس شاہ کو اسپیکر اور انتھونی نوید کو ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی نامزد کر دیا ہے۔

سندھ اسمبلی کے نومنتخب ارکان سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہاکہ سندھ کے عوام کی پیپلزپارٹی سے توقعات بڑھ گئی ہیں، اب ہم نے ماضی سے بہتر کارکردگی دکھانی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہاکہ اس وقت ملک میں نفرت کی سیاست ہو رہی ہے جس کا نقصان پاکستان کو ہو رہا ہے، ہم کوشش کریں گے کہ وفاقی حکومت کو پالیسیاں بنانے میں ایسے مشورے ضرور دیں کہ عام آدمی کو ریلیف مل سکے۔

چیئرمین پی پی پی نے کہاکہ انتخابات میں پیپلزپارٹی کی نظریں صرف عوام پر ہوتی ہیں، کچھ لوگ سمجھ رہے تھے کہ یہ الیکشن بہت آسان ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہمیں روایتی سیاست کے ساتھ ساتھ حکومت کرنے کا روایتی طریقہ بھی چھوڑنا ہے۔ سندھ اور بلوچستان کے سیلاب متاثرین کے مسائل حل کریں گے، اور وفاق میں حکومت بنانے والی پارٹی سے بھی ہم نے یہی شرط رکھی ہوئی ہے۔

’تیزی سے سیلاب متاثرین کے گھروں کو مکمل کرائیں‘

بلاول بھٹو نے نامزد وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ تیزی سے سیلاب متاثرین کے گھروں کو مکمل کرائیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ مراد علی شاہ سے پانی کے مسئلے پر بھی توجہ چاہیں گے، کیونکہ کراچی سے کشمور تک یہ ایک اہم مسئلہ ہے۔

چیئرمین پی پی پی نے کہاکہ منتخب ارکان اسمبلی ایسا اقدام نہ اٹھائیں جس سے مجھے یا پارٹی کو شرمندگی اٹھانا پڑے، کرپشن کے معاملے پر سختی سے کام لینا ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ ہم نوجوانوں کو جدید تعلیم سے آراستہ کریں گے، اس کے علاوہ صحت کے میدان میں مزید بہتری کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp