صدارتی الیکشن 9 مارچ کو ہونے کا امکان، ایوان صدر کا اگلا مکین کون ہوگا؟

ہفتہ 24 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں صدارتی الیکشن 9 مارچ کو ہونے کا امکان ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی 5 سالہ آئینی مدت 8 ستمبر 2023 کو ختم ہو چکی ہے لیکن نگران سیٹ اپ ہونے کی وجہ سے وہ تاحال صدر پاکستان کی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔

رپورٹس میں ذرائع کا حوالہ دے کر کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے صدارتی الیکشن کا شیڈول تیار کرلیا ہے جس کے مطابق الیکشن 9 مارچ کو ہو گا۔

اس حوالے سے مزید کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے صدارتی الیکشن کے شیڈول کی منظوری دے دی ہے اور کمیشن جلد صدارتی الیکشن کا شیڈول جاری کرے گا۔

خیال رہے کہ آئین کے مطابق جنرل الیکشن ہونے کے ایک ماہ تک صدر مملکت اپنے عہدے پر فائز رہ سکتے ہیں۔

نئے صدر پاکستان ممکنہ طور پر کون ہوں گے؟

حالیہ انتخابات کے بعد پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان وفاق میں حکومت سازی کے معاملے پر کئی دن تک مشاورت جاری رہی، تاہم 20 فروری کو دونوں جماعتوں کے درمیان معاملات طے پاگئے تھے۔

اسلام آباد میں ہونے والی اس ملاقات میں مسلم لیگ ن کی جانب سے وزیراعظم کے امیدوار شہباز شریف، چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو اور دیگر رہنما موجود تھے۔

ملاقات میں حکومت سازی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اور اس دوران اقتدار کا فارمولا طے کیا گیا، جس کے مطابق شہباز شریف وزیراعظم جبکہ آصف زرداری صدر مملکت کے مشترکہ امیدوار ہوں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما آصف علی زرداری اس سے قبل 2008 سے 2013 تک پاکستان کے صدر رہ چکے ہیں۔ انہوں نے 9 ستمبر 2008 کو صدر مملکت کا حلف اٹھایا تھا اور ان کے عہدہ کی مدت 8 ستمبر 2013 کو مکمل ہوئی تھی۔ آصف زرداری ملکی تاریخ کے پہلے صدر تھے  جنہوں نے اپنی آئینی مدت مکمل کی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp