پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) نے شیر افضل مروت کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔ شیر افضل مروت کو گزشتہ روز نجی ٹی وی چینل پر سابق چیئرمین پی ٹی آئی گوہر خان کے خلاف بیان دینے پرنوٹس جاری کیا گیا۔
شیر افضل مروت کو شوکاز نوٹس پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری عمر ایوب کی جانب سے جاری کیا گیا۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ آپ کے بیان کی وجہ سے تناؤ کی صورتحال پیدا ہوئی۔
مزید پڑھیں
پارٹی کی جانب سے شیر افضل کو 2 روز میں معافی نامہ جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ تسلی بخش جواب نہ دینے کی صورت میں پارٹی پالیسی کے مطابق الیکشن لیا جائے گا۔
نوٹس کے مطابق شیر افضل مروت نے بیرسٹر گوہر کے خلاف بیان دیا ہے، پارٹی کی جانب سے بیان کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، شیر افضل مروت 2 دن میں غیر مشروط معافی نامہ جمع کروائیں۔
واضح رہے شیر افضل مروت نے گزشتہ روز اپنے بیان میں کہا تھا کہ بیرسٹر گوہر کو انٹرا پارٹی الیکشن کے لیے چیئرمین شپ سے اس لیے ہٹایا گیا کیونکہ ان کی کارکردگی تسلی بخش نہیں تھی۔
شیر افضل مروت کا یہ بھی کہنا تھا کہ بیرسٹر گوہر علی خان کو چیئرمین شپ کے عہدے سے ہٹانے کے پیچھے ان کی نااہلی اور خراب کارکردگی ہے، پارٹی آفس چلانے کے لیے ہر وقت متحرک رہنا ہوتا ہے لیکن ایسا نہ ہوا۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا 3 ماہ کا وقت بیرسٹر گوہر کو ملا لیکن وہ کامیاب نہ ہو سکے، ورکرز کے احتجاج سمیت دیگر توقعات تھیں جس میں بیرسٹر گوہر ناکام ہوئے۔