برطانیہ کے شہر پلائی ماؤتھ میں ایک گھر سے ملنے والے دوسری جنگ عظیم دور کے 500 کلو گرام وزنی بم کو سمندر میں تباہ کر دیا گیا۔
مزید پڑھیں
مغربی میڈیا کے مطابق، فوجی قافلے نے جمعے کو پلائی ماؤتھ میں واقع ایک گھر سے دوسری عالمی جنگ کے بم کو منتقل کیا۔ اس سے قبل پلائی ماؤتھ سے 10 ہزار سے زیادہ شہریوں کواپنے گھر سے انخلا کی ہدایت کی گئی تھی۔ برطانیہ کی تاریخ میں امن کے دنوں میں ہونے والا شہریوں کا یہ سب سے بڑا انخلا تھا۔
واضح رہے کہ دوسری جنگ عظیم کے دور کا 500 کلوگرام وزنی بم برطانیہ کے جنوب مغربی ساحل پر واقع شہر پلائی ماؤتھ میں ایک گھر کے عقب سے منگل کو اس وقت دریافت ہوا تھا جب ایک شہری نے سینٹ مائیکل ایونیو میں واقع اپنی بیٹی کے گھر کے عقبی لان میں بم کو زمین میں دھنسا پایا۔ مذکورہ شہری مکان میں توسیع میں مدد کر رہے تھے۔
وزارت دفاع کے مطابق ایس سی 500 قسم کے اس بم کو دوسری جنگ عظیم کے دوران طیارے سے زمین پر گرایا گیا تھا۔
پلائی ماؤتھ صدیوں تک بڑے بحری اڈوں کا مرکز رہا ہے، دوسری جنگ عظیم کے دوران برطانیہ کے اس شہر پر سب سے زیادہ بمباری کی گئی تھی۔ مقامی حکام کے مطابق، دوسری جنگ عظیم میں یہاں 59 الگ الگ فضائی حملوں میں 1174 شہری ہلاک اور تقریباً 3800 مکانات تباہ ہوئے جبکہ 18 ہزار عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا تھا۔
ایک سال قبل، برطانیہ میں دوسری جنگ عظیم کا 250 کلوگرام وزنی ایک بم ناکارہ بناتے ہوئے دھماکے سے پھٹ گیا تھا، تاہم پیشگی حفاظتی اقدامات کی بدولت دھماکے کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔